مصر میں بالی ووڈ فلمیں اور ٹی وی سیریل بیحد مقبول

قاہرہ 27 مئی (سیاست ڈاٹ کام) بالی ووڈ کی فلمیں اور اداکار یہاں ہر دور میں مقبول رہے۔ ایک زمانہ تھا کہ فلمی دنیا کے جوبلی کمار کہلائے جانے والے آنجہانی راجندر کمار مصر میں بیحد مقبول تھے اور اُن کی فلمیں دیکھنے کیلئے عوام اُمڈ پڑتے تھے۔ اُن کو ایک مصری فلم میں کاسٹ بھی کیا گیا تھا جس میں اُن کے مد مقابل ایک مصری اداکارہ کو کاسٹ کیا گیا تھا لیکن فلم مہورت کے مراحل سے آگے نہیں بڑھ سکی تھی۔ اس طرح فلموں کے علاوہ جب ٹی وی بھی مقبول ہوا تو مصری عوام ہندوستانی ٹی وی پروگرام کے بھی دیوانے ہوگئے۔ ہم لوگ، بنیاد، یہ جو ہے زندگی، سورڈ آف ٹیپو سلطان، رامائن، مہا بھارت اور نہ جانے دیگر کتنے ٹی وی پروگرامس تھے جو مصریوں کے پسندیدہ تھے۔