مصر میں ایک عہدیدار ہلاک ،107 اسلام پسند گرفتار

قاہرہ 28 نومبر (سیاست ڈاٹ کام)سرکاری عہدیداروں کے بموجب ایک سینئر مصری فوجی عہدیدار ہلاک ہوگیا جبکہ صیانتی افواج نے 100 سے زیادہ اسلام پسندوں کو مجوزہ حکومت مخالف احتجاجی مظاہروں سے قبل گرفتار کرلیا۔ کابینہ کے آپریشنس روم نے کہا کہ عہدیدار جمعہ کے دن ہلاک ہوا جبکہ نا معلوم حملہ آوروں نے ایک گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کردی ۔ فوج کے دو ترجمان اس حملے میں زخمی ہوگئے ۔ وزارت داخلہ مصر کے ترجمان حنی عبداللطیف نے کہا کہ ملک گیر سطح پر 7 بم حملے کئے گئے ۔ اسلام پسندوں نے جمعہ کے دن ملک گیر احتجاجی جلسوں کا اعلان کیا ہے ۔ یہ گذشتہ کئی ماہ میں بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہروں کی پہلی کوشش ہوگی ۔ جبکہ فوج کی بغاوت میں گذشتہ سال اسلام پسند صدر محمد مرسی کو اقتدار سے بے دخل کردیا گیا ہے ۔ فوج نے زبردست کارروائی شروع کردی ہے اور بکتر بند گاڑیاں ملک گیر سطح پر تعینات کردی گئی ہیں۔