مصر میں الجزیرہ چینل پر امتناع

قاہرہ ۔ 3 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) مصر میں دو ٹی وی چینلس بشمول قطر کے الجزیرہ پر امتناع عائد کردیا ہے۔ ان چینلس پر موافق اخوان المسلمین نظریات کو نشر کرنے اور نفرت و تشدد کو ہوا دینے کا الزام ہے۔ اسٹیٹ کونسل نے الجزیرہ اور ربع چینل پر امتناع عائد کرتے ہوئے کہا کہ وہ ملک کے قواعد کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے۔ اسٹیٹ کونسل نے کہا کہ یہ چینلس مصری عوام میں جرائم کی حوصلہ افزائی کررہے تھے۔ اس کی وجہ سے قومی اتحاد کو خطرہ لاحق ہے۔ الجزیرہ کو مصر کی فوج اخوان المسلمین کا حامی تصور کرتی ہے۔ اسی فوج نے اسلام پسند صدر محمد مرسی کو گذشتہ سال اقتدار سے معزول کیا تھا ۔ الجزیرہ کے تین صحافی پہلے ہی ممنوعہ اخوان المسلمین کی معاونت کے الزام میں 7 تا 10 سال قید کی سزاء کاٹ رہے ہیں۔