قاہرہ۔ یکم؍فروری (سیاست ڈاٹ کام)۔ تین عسکریت پسند جو شورش زدہ شمالی سینائی کی ایک فوجی چوکی پر حملہ آور ہوگئے تھے، فوج کے ساتھ فائرنگ کے تبادلہ میں ہلاک کردیئے گئے۔ عسکریت پسند مارٹر شیل اور راکٹ سے پھینکے جانے والے دستی بموں کے علاوہ مشین گنیں استعمال کررہے تھے۔ بریگیڈیئر جنرل محمد سمیر نے کہا کہ چند دن قبل ایک خونریز حملہ میں کم از کم 32 فوجی ہلاک اور دیگر کئی شہر العریش میں زخمی ہوگئے تھے۔ حملوں کا نشانہ پولیس اور فوج ہے اور ایسے حملوں میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ معزول صدر محمد مرسی کی 2013ء میں اقتدار سے بے دخلی کے بعد اب تک فوج اور عسکریت پسندوں کے درمیان جھڑپوں میں 500 سے زیادہ فوجی ہلاک ہوچکے ہیں۔ فوج نے اس علاقہ میں صیانتی مہمات شروع کر رکھی ہیں۔ مشتبہ افراد کو گرفتار کیا جارہا ہے اور دہشت گردوں کی ملکیت مکانوں کے علاوہ غزہ پٹی جانے والی سرنگوں کو تباہ کیا جارہا ہے۔