مصر :شدید گرمی سے روزہ داروں کو مشکلات، ہنگامی صورتحال

قاہرہ۔26 مئی ۔(سیاست ڈاٹ کام) مصر کے مختلف شہروں میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہو رہا ہے۔ مختلف علاقوں میں ریکارڈ کئے جانے والا درجہ حرارت 45 اور بعض مقامات پر 46 درجے سینٹی گریڈ رہا جس کے باعث ماہ صیام میں روزہ داروں کو شدید نوعیت کی مشکلات کا سامنا ہے۔جزیرۃالعرب سے آنے والی گرمی کی لہر اور سوڈان کی طرف سے ہوا کے دبائو میں کمی کے باعث درجہ حرارت میں مزید اضافے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ شدید گرمی کے باعث مصر کے بیشتر شہروں کے اسپتالوں میں ہنگامی حالت نافذ کی گئی ہے۔ گذشتہ روز وادی الجدید کے علاقے میں درجہ حرارت 46 درجے سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ شدید گرمی کی وجہ سے کئی افراد بے ہوش ہو گئے اور انہیں اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔شدید گرمی کی وجہ سے ملک کے مختلف اسپتالوں میں ہنگامی حالت نافذ کی گئی ہے۔ ماہرین صحت نے شہریوں کو دن کے اوقات میں سورج کی تمازت سے بچنے کیلیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے پر زور دیا ہے۔