قاہرہ ۔یکم اگست(سیاست ڈاٹ کام) مصر کے دارالحکومت قاہرہ کے شمالی صوبے قلیوبیہ میں سیکورٹی فورسز نے پانچ مشتبہ دہشت گردوں کو ایک تصادم میں مار گرایا۔ وزارت داخلہ نے منگل کو ایک بیان میں یہ اطلاع دی۔ وزارت کے مطابق یہ دہشت گرد حسم گروپ کے رکن تھے جنہیں بیرون ملک میں رہ رہے ان کے رہنماؤں سے دہشت گرد سرگرمیوں کو انجام دینے کی ہدایت ملی تھی۔مصر نے حسم پر غیر قانونی تنظیم اخوان المسلمون کی دہشت گرد یونٹ ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اس دہشت گرد تنظیم کی شروعات 2016 میں ہوئی تھی اور اس نے سیکورٹی فورسز پر کئی مرتبہ حملے کیے ہیں۔ اخوان المسلمون نے اگرچہ ان الزامات سے انکار کیا۔ حسم نے کئی مرتبہ پریس ریلیز جاری کرکے حفاظتی دستوں پر حملوں کی ذمہ داری قبول کی ہے لیکن اس نے اخوان المسلمون سے تعلق ہونے کا دعوی نہیں کیا۔حسم نے فی الحال تصادم کے سلسلے میں کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے ۔وزارت کے مطابق ایک دیگر معاملے میں پولیس نے قاہرہ کے پڑوس المارج میں ایک چھاپہ کے دوران پانچ دیگر مشتبہ دہشت گردوں کو گرفتار کیا اور ایک اور ٹھکانے سے اسلحہ برآمد کئے ۔