قاہرہ ؍ دوبئی ۔ 22 جون (سیاست ڈاٹ کام) مسلم اکثریت والے ممالک مصر اور امارات نے تیسرے بین الاقوامی یوم یوگا تقاریب میں دیگر ممالک کے ساتھ شرکت کی جہاں سینکڑوں افراد نے یوگا کے مختلف آسن کئے جو عرب ممالک میں بھی مقبولیت حاصل کررہے ہیں۔ مصر میں افطار سے قبل لوگوں کی کثیر تعداد بیرون پیالیس پر جمع ہوئی جو ایک بڑی محل نما عمارت ہے جو ہندوستانی طرزتعمیر کا بہترین نمونہ ہے اور وہاں پہنچ کر لوگوں نے ٹرینرس کی نگرانی میں یوگا کے مختلف آسن کئے۔ اس موقع پر اپنی تقریر کے دوران ہندوستانی سفیر متعینہ مصر سنجے بھٹا چاریہ نے مقامی حکام اور متعلقہ وزیر سے یوگا کی اس تقریب کے انعقاد پر اظہارتشکر کیا۔ یوگا دراصل ہندوستانی ثقافتی اثاثہ ہے لیکن حالیہ دنوں میں اس کی مقبولیت عرب ممالک تک پہنچ گئی ہے۔ امارات کے شہر ابوظہبی میں تقریباً 4000 لوگوں نے خصوصی طور پر یوگا سیشن میں حصہ لیا۔ بعدازاں یوگا کے موضوع پر 25 منٹ کی ایک دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔ اس موقع پر ہندوستانی سفیر متعینہ یو اے ای نودیپ سوری نے وزیرثقافت شیخ نہیان مبارک النہیان اور وزیر رواداری شیخہ لبنیٰ بنت خالد القاسمی سے اظہارتشکر کیا اور یوگا کی ا ہمیت پر روشنی ڈالی۔ دیگر افراد نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یوگا ہر عمر کے لوگوں کیلئے ہے جسے کرنے سے ایک گوناگوں سکون حاصل ہوتا ہے۔ مصر کی مشہور یوگا ٹرینر آمنہ ایہاب نے بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔