قاہرہ۔ 5 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) صدر مصر عبدالفتاح السیسی نے اپنی کابینہ کے پہلے ردوبدل میں تقریباً 8 وزراء بشمول طاقتور وزیر داخلہ کو تبدیل کردیا جبکہ عسکریت پسندوں کو اندرون ملک حملوں سے روکنے میں فوج کی ناکامی پر شدید تنقید شروع ہوگئی۔ وزیر داخلہ مصر محمد ابراہیم جو پولیس کے انچارج تھے اور سابق صدر محمد مرسی کے حامیوں کے خلاف بے رحمانہ کارروائی کے انچارج تھے، آج اپنی ذمہ داری سے سبکدوش کردیئے گئے اور ان کی جگہ پولیس کے ایک اور جنرل مغضی عبدالغفار مقرر کئے گئے ۔ عبدالغفار قومی صیانتی نظام میں ایک مشہور شخصیت ہیں۔ ان کا تقرر بم دھماکوں اور عسکریت پسندوں کے حملوں کے بعد کیا گیا ہے۔