قاہرہ ۔ 23 ڈسمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) مصری ٹیلی ویژن کی خاتون میزبان (اینکر) عزّہ الحناوی حیران کن طور پر تُرکی فرار ہو گئیں۔ ’’الشرق‘‘ سٹلائیئٹ چینل کی مجلس عاملہ کے سربراہ ایمن نور نے اپنی ٹوئیٹ میں الحناوی کے چینل کی ٹیم میں شمولیت کی تصدیق کی ہے۔ مذکورہ چینل کی نشریات ترکی کے شہر استنبول سے جاری ہوتی ہیں۔مصری خاتون میزبان کو گزشتہ دو برسوں سے تحقیقات کا سامنا تھا۔ ان پر ملازمت سے متعلق فرائض کے تقاضوں کے دائرہ کار سے تجاوز کرنے اور انتشار پیدا کرنے کا الزام ہے۔واضح رہے کہ الحناوی کو گزشتہ برس مارچ میں القاہرہ چینل پر اُن کے پروگرام ’’اخبار القاہرہ‘‘ کی ٹیم کے بعض ارکان کے ساتھ تادیبی عدالتی کارروائی کے لیے پیش کیا گیا تھا۔