’’فائنل میچ کیلئے بھی اپنا روزہ ترک نہیں کروں گا‘‘: محمد صلاح
لاہور۔27 مئی (سیاست ڈاٹ کام) لیور پول کے معروف مسلمان فٹبالر محمد صلاح نے روزہ ترک کرنے کے مشورے کو ماننے سے انکار کر دیا۔فٹبالر محمد صلاح نے اپنے منیجر کی جانب سے روزہ ترک کرنے کے مشورے کو نہ مانتے ہوئے مسلمانوں کا دل جیت لیا، اس پر معروف پاکستانی کرکٹر شعیب اختر بھی خاموش نہ رہ سکے اور محمد صلاح کو سیلوٹ کردیا۔ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں شعیب اختر نے محمد صلاح کی تصویر شیئر کرتے ہوئے پیغام دیا کہ میں اس انسان کو اور اس کے ایمان کو سیلوٹ پیش کرتا ہوں۔ انھوں نے کہا کہ ہم سب محمد صلاح کیساتھ ہیں۔ وہ اتوار کا میچ ضرور جیتیں گے۔واضح رہے کہ فٹبال کے مداحوں کا جم غفیر اتوار کو رئیل میڈرڈ اور لیور پول کے مابین ہونے والے چیمپئنز لیگ کا اختتامی میچ دیکھنے کیلئے بیتاب ہے۔ اس فائنل معرکے کی تیاریوں کے سلسلے میں لیور پول کے محمد صلاح نے روزہ کی حالت میں پریکٹس سیشن میں حصہ لیا اور ٹیم مینجمنٹ کی جانب سے روزہ ترک کرنے کا مشورہ بھی نہیں مانا۔ محمد صالح نے کہا کہ وہ فائنل میچ کیلئے بھی اپنا روزہ ترک نہیں کریں گے۔