قاہرہ۔ 9؍فروری (سیاست ڈاٹ کام)۔ مصر کی فوج کے ایک ترجمان نے کہا کہ شمالی جزیرہ نمائے سینائی میں فضائی حملوں سے 16 عسکریت پسند ہلاک ہوگئے جن کے تعلقات اخوان المسلمین سے تھے۔ اس تنظیم سے تعلق رکھنے والے مصر کے اسلام پسند صدر محمد مرسی کو اقتدار سے بے دخل کرکے گرفتار کرلیا گیا ہے۔ کرنل احمد محمد علی نے کہا کہ فضائی حملوں کا نشانہ دہشت گردوں کے خفیہ ٹھکانے تھے جو انتہائی خطرناک تکفیری عسکریت پسند تھے۔ جمعہ کی رات شیخ زید سرحدی قصبہ میں جو مصر کے مشرقی علاقہ میں واقع ہے، فضائی حملے کئے گئے تھے۔ تکفیری ایک عربی اصطلاح ہے
جو اسلامی بنیاد پرستوں کے لئے استعمال کی جاتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ جن عسکریت پسندوں کو حملوں کا نشانہ بنایا گیا، وہ دہشت گرد اخوان المسلمین سے تعلق رکھتے تھے۔ یہ چوتھا فضائی حملہ تھا جس میں عسکریت پسندوں کی اتنی زیادہ تعداد ہلاک ہوئی۔ 24 جنوری کو قریبی علاقہ میں ایک فوجی ہیلی کاپٹر کو عسکریت پسندوں نے مار گرایا تھا اور اس کے تمام ارکان عملہ ہلاک ہوگئے تھے۔ فوج بڑے پیمانے پر سینائی کے عسکریت پسندوں کے خلاف جارحانہ کارروائی میں مصروف ہے۔ یہ علاقہ عسکریت پسندوں کا مستحکم گڑھ سمجھا جاتا ہے۔ صدر محمد مرسی کی گزشتہ سال جولائی میں اقتدار سے بے دخلی کے بعد فوج پر ان عسکریت پسندوں نے کئی حملے کئے ہیں جن کے نتیجہ میں کئی فوجیوں کی جانیں ضائع ہوچکی ہیں جب کہ محمد مرسی نے عدالت میں اپنے خلاف مقدمہ کی سماعت کے دوران مقدمہ کو غیر قانونی کارروائی قرار دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ وہ اب بھی مصر کے منتخبہ اور قانونی صدر برقرار ہیں۔