قاہرہ2 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) مصر کی مسلح افواج نے شورش زدہ علاقے جزیرہ نما سیناء میں فوجیوں کی ہلاکت کے ردعمل میں انتقامی کارروائی کرتے ہوئے شدت پسند تنظیم "انصار بیت المقدس” کے خلاف تازہ آپریشن میں کم سے کم ایک سو جنگجو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ مصری فوج کی جانب سے جاری ایک بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ چہارشنبہ کو علی الصباح جزیرہ سیناء میں فوج کے ایک کیمپ پر دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں متعدد فوجی مارے گئے تھے۔ دہشت گردوں کی جانب سے مقامی وقت کے مطابق چھ بج کر 55 منٹ پر بارود سے بھری گاڑیوں اور آتشیں اسلحہ سے فوجی بنکروں کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں کم سے کم 17 اہلکار مارے گئے۔ مرنے والوں میں چار سینیر افسر بھی شامل ہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ فوج نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا اور جوابی کارروائی کرتے ہوئے کم سے کم ایک سو شدت پسند ہلاک کیے ہیں اور بڑی تعداد میں زخمی ہوئے ہیں۔