مصری فنکاروں کے عریاں لباس پہننے پر امتناع

قاہرہ ۔ یکم ؍ ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) مصر کی حکومت نے تاریخ میں پہلی بار فن کاروں ، گلو کاروں اور شوبز سے وابستہ افراد کے لیے نیا ضابطہ اخلاق متعین کرتے ہوئے ان کے لیے نیم عریاں اور غیر اخلاقی لباس زیب تن کرنے پر پابندی عاید کردی ہے۔ مصر کی میوزک ٹریڈ یونین کے صدرنشین ھانی شاکر کی زیرصدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ فن کاری اور اداکاری کے دوران کوئی بھی فنکار تھیٹر پرغیراخلاقی اور نیم عریاں لباس پہن کرنہیں آئے گا۔ تمام فن کاروں کو کلبوں اور موسیقی کے پروگراموں میں شرکت کرتے ہوئے باوقار لباس زیب تن کرنے کو یقینی بنانا ہوگا۔ اجلاس کے بعد پریس کو جاری ہونے والے ایک بیان میں تمام مرد اور خاتون فنکاروں کو مطلع کیا گیا ہے کہ وہ لباس کے حوالے سے آئندہ اس نئے ضابطہ اخلاق کی سختی سے پابندی کریں۔ خلاف ورزی کرنے والے کے خلاف کارروائی کے ساتھ ساتھ فلموں اور تھیٹر میں حصہ لینے پرپابندی بھی عاید کی جاسکتی ہے۔