مصری صدارتی انتخاب میں ووٹ ڈالنا حرام ہے: القرضاوی

قاہرہ ۔ 12 مئی (سیاست ڈاٹ کام) مصری نژاد قطری عالم دین علامہ یوسف القرضاوی نے مصری عوام پر زور دیا ہے کہ 26، 27 کو ہونے والے صدارتی انتخاب کا بائیکاٹ کریں۔العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق علامہ قرضاوی کا یہ فتوی ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے کہ جب پیش آئند صدارتی انتخاب میں سابق فوجی سربراہ عبدالفتاح السیسی کی کامیابی کو نوشتہ دیوار قرار دیا جا رہا ہے۔ علامہ یوسف القرضاوی کے بقول عبدالفتاح نے منتخب حکومت کو شب خون مار کر ختم کیا اور پھر اقتدار پر قابض ہوا، ایسے امیدوار کو ووٹ دینا حرام ہے۔علامہ یوسف القرضاوی نے فتوی نما اپنا بیان قطر کے دارلحکومت دوحہ میں انٹرنیشنل یونین آف اسلامی اسکالرز کے زیر اہتمام القدس کانفرنس کے اختتام پر جاری کیا۔ یاد رہے کہ انٹرنیشنل یونین آف اسلامی اسکالرز کے صدر علامہ یوسف القرضاوی خود ہی ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پورے کا پورا فسلطین جلد یہودی تسلط سے آزاد ہو گا۔کانفرنس کے بعد علامہ یوسف القرضاوی نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ’ٹویٹر‘ پر متعدد پیغامات میں کہا کہ ’’میں ہر اس اقدام کا حامی ہوں جو مصر میں منتخب حکومت کا تختہ الٹنے کا مخالف ہے۔ میں مصر کا شیرازہ متحد دیکھنا چاہتا ہوں، اس سلسلے میں تمام کوششوں کو مجتمع کرنے کا خواہاں ہوں۔ میں مصر کا اعتماد بحال دیکھنا چاہتا ہوں، میں دشمن کے سامنے ہتھیار ڈالنے کے بجائے مزاحمت کا پرچارک ہوں۔‘‘ایک اور ٹویٹ میں انہوں نے واضح کیا کہ ’’میری رہائش گاہ قطر سے تیونس یا کسی دوسرے ملک منتقلی کے بارے میں قیاس آرائیاں بہت سے لوگوں کی ناکام خواہش کا مظہر ہیں۔ دن میں خواب دیکھنے والوں کی ایسی خواہشات کبھی رنگ نہیں لا سکیں گی۔ایک اور ٹویٹ میں انہوں نے مصر کے 11 جنوری کے اس انقلاب کے احیاء کی مکمل حمایت کی جس کے نتیجے میں 30 سال سے اقتدار پر قابض حسنی مبارک کے اقتدار کا خاتمہ ہوا۔یاد رہے کہ گذشتہ دو ماہ سے علامہ یوسف القرضاوی میڈیا کی چکا چوند سے دور تھے۔