قاہرہ۔28جنوری ۔(سیاست ڈاٹ کام) مصرمیں ایک مخیر شہری نے قاہرہ کے جنوبی علاقے الجیزہ میں قائم اپنے ریستوران سے غریب شہریوں کو روزانہ ایک وقت کا کھانا مفت فراہم کرنے کا سلسلہ شروع کیا ہے۔ ان کے انسانی خدمت کے اقدام کو مصر کے عوامی اور سماجی حلقوں کی جانب سے غیرمعمولی پذیرائی حاصل ہوئی ہے اور اہم شخصیات نے اس مشن کو آگے بڑھانے کیلئے ہوٹل کئے مالک کو عطیات دینے کا سلسلہ بھی شروع کیا ہے۔’العربیہ ‘ کے مطابق قاہرہ کے نواحی علاقے میں قائم ہوٹل شام پانچ سے چھ بجے تک وہاں پرآنے والے غریب شہریوں کو سینڈوچ، جگر کا گوشت، قیمہ اور دیگر کھانے مفت فراہم کرتا ہے۔غریبوں کو مفت کھانا فراہم کرنے والے ہوٹل کے مالک محمود حسین نے بتایا کہ عوامی اور سماجی حلقوں کی جانب سے ان کے اقدام کو غیرمعمولی پذیرائی حاصل ہوئی ہے لوگ اس مقصد کے لیے بڑھ چڑھ کر عطیات بھی دینے لگے ہیں۔انہوں بتایا کہ مصری موسیقارہ شیرین عبدالوھاب نے ایک ملین مصری پاؤنڈ کے قریب رقم عطیہ کی ہے۔