مصرمیں نکاح خواں کی بیٹی کی رسم نکاح کے دوران ناگہانی موت

قاہرہ۔ 28 جون (سیاست ڈاٹ کام) حال ہی میں انڈونیشیا میں ایک قاری کے تلاوت کلام پاک کے دوران اچانک انتقال کی ویڈیو لاکھوں مسلمانوں کو دُکھی کردیا تھا، ایسا ہی ایک واقعہ اِن دنوں مصر میں پیش آیا ہے جہاں ایک نکاح خواں اپنی بیٹی کی تقریب نکاح کے دوران نکاح پڑھاتے ہوئے اچانک انتقال کرگیا۔ یہ واقعہ شمالی مصر کی القلیوبیہ گورنری کے طوخ سنٹر میں پیش آیا جب ایک مقامی نکاح خوان مرسی خلیل سلامہ کلمہ شہادت پڑھتے ہوئے اپنی بیٹی کے نکاح کے وقت انتقال کرگیا۔ عین تقریب نکاح میں لڑکی کے والد کے انتقال نے شادی کی خوشی کو ماتم میں تبدیل کردیا۔ گھر میں ہرطرف کہرام برپا ہوگیا اور شادی کی ساری خوشیاں غم میں تبدیل ہو گئیں۔ مصری نکاح خواں کی موت حرکت قلب کے اچانک بند ہونے سے واقع ہوئی۔ اس ناگہانی موت کا اہل خانہ کو تک یقین نہیں تھا۔ مرسیٰ خلیل کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کردی۔