مصر، لیبیا کا فٹبال میچ آنسو گیس سے متاثر

قاہرہ ۔ 30 جنوری ۔(سیاست ڈاٹ کام) مصر اور لیبیا کے فٹبال ٹیموں کے درمیان دوستانہ میچ میں آنسو گیس کے پھیلنے سے کھلاڑی اور ریفری میدان چھوڑ کر باہر آگئے۔ 2017 کے افریقن نیشنز کپ کوالیفائر دوستانہ میچ کو 15 ویں منٹ میں روکنا پڑا جب میدان سے باہر تماشائیوں کو منتشر کرنے کیلئے مصر کے سکیورٹی اہلکاروں نے آنسو گیس کا استعمال کیا جس کے اثرات میدان میں بھی ہوئے اور کھلاڑیوں کے آنسو نکل آئے اور وہ کھیل برقرار نہیں رکھ سکے اور میدان سے باہر آگئے ۔تاہم میچ کو آدھے گھنٹے کے وقفے کے بعد دوبارہ شروع کردیا گیا۔ کھیل کے دوبارہ آغاز کے بعد میزبان مصر نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا اور دوستانہ میچ کو 0-2 سے جیت لیا۔