مانچسٹر ، 28 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) مانچسٹر ٹسٹ میں پاکستان کو انگلینڈ کے خلاف 330 رنز سے شکست ہوئی۔ پاکستانی کھلاڑیوں نے اس ناکامی کے بعد پہلے تو خوب آرام کیا اور پھر مانچسٹر یونائیٹڈ فٹبال کلب کے اسٹیڈیم کی سیر کی۔ تمام کھلاڑی کوچ مکی آرتھر اور اپنی اپنی فیملیوں کے ساتھ اسٹیڈیم پہنچے۔ کپتان مصباح الحق، اظہر علی، وہاب ریاض اور محمد حفیظ نے ان یادگار لمحات کا بھرپور لطف اٹھایا اور بچوں اور بیگمات کے ساتھ تصاویر بنوائیں۔ پاکستانی ٹیم نے اسٹیڈیم کے آڈیٹوریم میں کلب کی تاریخ اور فتوحات پر ڈاکیومنٹری بھی دیکھی۔ انگلینڈ کے مانچسٹر یونائیٹڈ کا شمار دنیا کے امیر ترین فٹبال کلبز میں ہوتا ہے۔ یہاں کا اسٹیڈٰیم اس کلب کی ذاتی ملکیت ہے اور اس میں ایک میوزیم بھی ہے جہاں مانچسٹر فٹبال کلب کے کھلاڑیوں کی شرٹس اور جیتی ہوئی ٹرافیاں رکھی گئی ہیں۔