مصباح کو جوش اور آفریدی کو ہوش کی ضرورت:وقار

لندن ۔ 25 ستمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کوچ وقار یونس کو اس بات کا بخوبی احساس ہے کہ اس وقت دونوں کپتان مصباح الحق اور شاہد آفریدی فارم میں نہیں ہیں اور دونوں کو اپنی کارکردگی میں بہتری لانے کے لئے اپنی بیٹنگ کا انداز تبدیل کرنا پڑے گا۔وقارنے کہا کہ مصباح کو تیز کھیلنا ہوگا اور آفریدی کو اپنی بیٹنگ میں ٹھہراؤ لانا ہوگا۔ وقار نے ایک انٹرویو میں کہا کہ وہ مصباح الحق کے بیٹنگ اسٹائل کے قطعاً خلاف نہیں ہیں۔ انھوں نے کہا کہ مصباح نے اسی اسٹائل میں کھیلتے ہوئے بین الاقوامی کرکٹ میں بے پناہ کامیابیاں حاصل کی ہیں لیکن کوچ کی حیثیت سے جب وہ ٹیم کی مجموعی کارکردگی دیکھتے ہیں تو انھیں اسٹرائیک ریٹ سست دکھائی دیتا ہے اس میں تیزی لانے کیلئے کپتان کو پہل کرنی ہوگی کیونکہ کپتان ہی اپنی کارکردگی سے ٹیم کیلئے مثال قائم کرتا ہے اور دوسرے اس کی تقلید کرتے ہیں۔ وقارنے کہا کہ آفریدی کو بھی بیٹنگ میں ٹھہراؤ پیدا کرنا ہوگا۔ مصباح اور آفریدی دونوں وسیع تجربے کے حامل بلے باز ہیں اور وہ خود کو ہر طرح کی صورتحال کے مطابق ہم آہنگ کر سکتے ہیں۔ پاکستانی کوچ نے کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ بلے باز اپنے خول سے باہر نکلیں اور مثبت اور جارحانہ کرکٹ کھیلیں جس کیلئے پاکستانی کرکٹ شہرت رکھتی ہے۔انھوں نے سری لنکا کے خلاف کولمبو کے دوسرے ٹسٹ کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ اس میچ میں اگرچہ پاکستانی بلے بازوں نے وکٹیں گنوائیں اور میچ بھی ہارا لیکن ان کی بیٹنگ مثبت دکھائی دی تھی۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم کا اگلا امتحان آسٹریلیا کے خلاف یواے ای میں سیریز ہے جس میں اسے ایک ٹی ٹوئنٹی ، تین ون ڈے اور دو ٹسٹ میچز کھیلنے ہیں۔