مصباح کوبرطرف، آفریدی کو ٹیم کا کپتان بنایا جائے: یوسف

کراچی۔ یکم ؍ ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ماضی کے عظیم بیٹسمین محمد یوسف نے ایک مرتبہ پھر اپنے پرانے مطالبہ کو دہراتے ہوئے کہا ہیکہ مصباح الحق کو فوری طور پر کپتانی سے برطرف کرتے ہوئے پاکستانی ٹیم کی قیادت شاہد آفریدی کو سونپی جائے۔ ان کی رائے میں عمر اکمل اس معیار کے بیٹسمین نہیں ہیں جیسی ان سے کارکردگی کی توقع ہے۔ یوسف نے کہا کہ مصباح الحق اس قدر سست کھیلتے ہیں کہ ان کی ونڈے ٹیم میں جگہ ہی نہیں بنتی۔ شاہد آفریدی ٹیم کو جتوانا جانتے ہیں۔ ورلڈ کپ کے لئے وہی موزوں انتخاب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک اچھی اننگز کے بعد کسی بیٹسمین کو انضمام الحق اور کسی کو جاوید میاں داد سے نہیں ملایا جاسکتا۔ عمر اکمل اتنے بڑے بیٹسمین نہیں ہیں کہ انہیں بڑا درجہ دیا جائے۔اسی طرح صہیب مقصود کو وقت دیا جائے ایک اننگز پر انہیں انضمام بھائی سے ملانا ٹھیک نہیں ہے۔البتہ فواد عالم نے مستقل مزاجی دکھائی ہے۔محمد یوسف نے کہا کہ ہر سابق کھلاڑی پاکستان ٹیم میں ذمہ داری سنبھالنا چاہتا ہے۔حالانکہ سابق کھلاڑیوں کو چاہیے کہ وہ جونیئر ٹیموں کی باگ ڈور سنبھالیں۔محمد یوسف نے کہا کہ اب مصباح الحق کو رخصت کرنا ہوگا۔ان کی کپتانی میں جیت کی توقع کرنا مشکل ہے۔مصباح کو ون ڈے کی کپتانی سے ہٹا کر ہی ٹیم تیار کی جاسکتی ہے اگر مصباح پاکستان کی بیٹنگ لائن میں آسکتے ہیں تو پھر بولنگ میں سکندر بخت بھی شامل ہوسکتے ہیں۔ سابق کپتان رمیز راجا نے کہا کہ اس ناقص بیٹنگ سے بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور کو دھکہ لگا ہوگا لیکن پاکستان ٹیم میں رہ کر ایسی چیزیں کوئی نئی بات نہیں ہیں۔ انہیں ہر حال کے لئے تیار رہنا ہوگا۔لیکن وکٹ میں کوئی خرابی نہیں تھی۔دورہ سری لنکا پر مصباح الحق کی زیرقیادت پاکستانی ٹیم کو 2 ٹسٹ مقابلوں کی سیریز میں 2-0 اور تین مقابلوں کی ونڈے سیریز میں پہلے مقابلے میں سنسنی خیز کامیابی کے باوجود 2-1 کی شکست ہوئی ہے اور اب ورلڈ کپ کیلئے ٹیم کی تیاری کے ضمن میں تبدیلیوں کا مطالبہ زور پکڑ رہا ہے۔