کراچی ، 26 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے مصباح الحق نے ونڈے کرکٹ کے بعد ٹسٹ ٹیم کی کپتانی بھی چھوڑنے کی پیشکش کردی ہے۔ ’ڈان نیوز‘ کے مطابق مصباح الحق دورۂ بنگلہ دیش کی بجائے اپنی فیملی کو وقت دینے کے خواہشمند ہیں۔ ٹسٹ ٹیم کے کپتان نے چیرمین پی سی بی (پاکستان کرکٹ بورڈ) شہریار خان سے دورۂ بنگلہ دیش میں شامل نہ کئے جانے کی استدعا کی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مصباح نے شہریار خان سے کہا ہے کہ دورۂ بنگلہ دیش میں کسی نوجوان کھلاڑی کو کپتانی دے کر مستقبل کیلئے کپتان تیار کرلیا جائے۔ مگر چیرمین پی سی بی نے مصباح کو دورۂ بنگلہ دیش سمیت آئندہ سیریز میں کپتانی جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مصباح اپنی فیملی کو زیادہ سے زیادہ وقت دینے کے خواہاں ہیں۔ دوسری جانب ورلڈ کپ کے بعد دورۂ بنگلہ دیش سے قبل نئے ونڈے کپتان اور سلیکشن کمیٹی کاانتخاب دو سے تین روز میں متوقع ہے۔ شہریار خان نے بورڈ کے اعلیٰ حکام اور ٹسٹ کپتان مصباح الحق سے بھی نئے ونڈے کپتان کیلئے صلاح مشورہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق بورڈحکام اب تک یہ فیصلہ نہیں کرسکے کہ ونڈے ٹیم کا کپتان نوجوان کھلاڑیوں کو بنایا جائے یا کسی سینئر کھلاڑی کو کپتان بناکر کسی نوجوان کھلاڑی کو نائب کپتان بناکر تیار کیا جائے۔ سینئر کھلاڑیوں میں محمد حفیظ اور سابق کپتان شعیب ملک دوڑ میں آگے ہیں جبکہ نوجوان کھلاڑیوں میں وکٹ کیپر سرفرازاحمد ،وہاب ریاض ،فواد عالم اور اظہرعلی کے نام زیرغور ہے۔ نئے چیف سلیکٹر کیلئے سابق چیف سلیکٹر وسیم باری اور محسن خان کے نام گردش میں ہیں۔