کراچی۔24ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی )کے چیرمین شہریار خان نے ایک مرتبہ پھر مصباح الحق کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں ہونے والے ورلڈ کپ میں مصباح الحق ہی پاکستانی ٹیم کی کپتانی کریں گے۔ ٹیم میں شامل کھلاڑیوں میں وہی ہیں جو ان فٹ نہیں ہوئے، مصباح الحق ورلڈ کپ میں ضرور کھیلیں گے اور ٹیم کی قیادت کریں گے۔ تاہم چیئرمین نے شائقین کرکٹ کو خبردار کیا کہ میگا ایونٹ میں حصہ لینے والی پاکستانی ٹیم کمزور ہے اور اس سے بڑی امید نہ رکھی جائے۔ سائوتھ اینڈ کلب کراچی میں ملالہ ویمنز کرکٹ ٹورنمنٹ کے فائنل کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ شاہد آفریدی بہت بڑے کھلاڑی ہیں اور ان کی ملک کے لئے بڑی خدمات ہیں، سبکدوشی کے حوالے سے فیصلہ ان کا اپنا ہے۔ بورڈ کا اس سے کوئی تعلق نہیں۔ ونڈے میں ہماری ٹیم مضبوط نہیں لیکن اس کے باوجود یقین ہے کہ ورلڈ کپ میں بڑی ٹیموں کے خلاف کارکردگی بہتر ہوگی۔ ٹورنمنٹ کی تیاری کے لئے ٹیم بہت پہلے ہی وہاں پہنچ جائے گی اور ناصرف بھرپور پریکٹس کرے گی بلکہ نیوزی لینڈ کے خلاف 3 میچوں پر مشتمل ایک سیریز بھی کھیلے گی۔
ورلڈ کپ میں بہتر کارکردگی کے لئے چاہتے ہیں کہ سعید اجمل اور محمد حفیظ پر عائد پابندی جلد از جلد ختم کرائی جائے، انہیں چینائی میں غیر سرکاری طور پر بایومیکنک ٹسٹ کے لئے بھیجا جارہا ہے جہاں اجازت کے بعد آئی سی سی سے باضابطہ طور پر رابطہ کیا جائے گا۔ بایو مکینک ٹسٹ کے لئے چینائی کا انتخاب سعید اجمل اور محمد حفیظ نے خود کیا۔ امید ہے دونوں کے بایو میکنیکس ٹسٹ سات جنوری سے قبل ہوجائیں گے۔ ملالہ انڈر 21کرکٹ چیمپئن شپ اگلے سال بھی ہوگی۔ مستقبل میں خواتین کا انٹرنیشنل ٹورنمنٹ بھی کرنا چاہتاہوں۔ شہریار خان نے کہا کہ ماضی میں پاکستان اور ہندوستان کے درمیان معاملات جیسے بھی رہے ہوں دونوں ممالک کے کرکٹ بورڈز کے درمیان تعلقات ہمیشہ بہتر ہی رہے ہیں۔ سیکیورٹی خدشات کے باعث وہاں کی انتظامیہ پاکستانی کھلاڑیوں کو آئی پی ایل میں شرکت سے معذرت کرلیتی ہے، تاہم ہندوستان میں ہاکی اور کبڈی کے کھلاڑیوں کے ساتھ جو ہوا وہ نہیں ہونا چاہئے تھا۔