مصباح الحق کا سیریز کے لئے بنائی گئی وکٹوں پر عدم اطمینان

کراچی13 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ دبئی ٹسٹ میں ٹاس نے اہم کردار ادا کیا۔انہوں نے سیریز کے لئے بنائی گئی وکٹوں پرعدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں وکٹوں پر اپنی قوت کو دیکھتے ہوئے تعاون نہیں مل رہا ہے۔اس قسم کی وکٹیں تشویش کی بات ہیں۔شارجہ میں نتیجہ کا انحصار اس بات پر ہے کہ ہم کوکس قسم کی وکٹیں ملتی ہیں۔ ٹاس ہارنے کے بعد نمی والی وکٹ پر ہماری بیٹنگ نہ چل سکی۔پہلی اننگز میں کم اسکور پر آوٹ ہونے کے بعد ہم سنبھل نہ سکے۔ پریس کانفرنس میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں کریز پر زیادہ سیشن گذارنے ہوں گے اور وکٹ پر رکنے کے لئے ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔پہلی اننگز میں وکٹ پر سیم ضرور تھا لیکن ہمیں بیٹنگ میں ڈسپلن بیٹنگ کا مظاہرہ کرنا چاہیے تھا۔غیرذمہ دارانہ اسٹروکس کھیل کر ٹیم کو مشکلات میں ڈالا گیا۔ پہلے دن پہلا سیشن اچھا کھیلنے کے باوجود ہم نے دوسرے سیشن میں ناقص بیٹنگ کی۔

سرفراز احمد اور بلاول بھٹی نے بہت اچھی بیٹنگ کی۔مصباح الحق نے کہا کہ اس سیریز کے لئے وکٹیں پاکستان کرکٹ بورڈ تیار نہیں کررہا ہے۔جہاں تک وکٹوں کا تعلق ہے مقامی گراونڈ اسٹاف نے بنائی ہیں۔ میں وکٹوں سے مطمئن نہیں ہوں اور ہم نے اس قسم کی فلیٹ وکٹیں بنانے کی ہدایات نہیں دی تھی۔سری لنکا کے کپتان اینجلو میتھیوز نے کہا کہ میں اب بھی سینئرز کی مدد سے سیکھنے کی کوشش کررہا ہوں۔پہلے ٹسٹ کی طرح اس میچ میں بھی ہم نے مسابقت کی۔مہیلا جے وردھنے نے سینئر کی حیثیت سے کردار ادا کیا۔پہلا ٹسٹ ڈرا کرنے کے بعد یہ کامیابی یادگار ہے اس میں سب نے اپنا کردار ادا کیا۔ہم نو ماہ بعد ٹسٹ میچ کھیل رہے تھے اس کے باوجود ہماری کارکردگی بہت اچھی رہی۔