دبئی۔14 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق زخمی ہونے کی وجہ سے نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز باہر ہوچکے ہیں اور ان کی جگہ شاہدآفریدی ٹیم کے کپتان ہوں گے۔ مصباح الحق کی رپورٹ مثبت نہیں ہے مصباح الحق کی وطن واپسی کا فیصلہ کرلیاگیاہے۔ علاوہ ازیںکپتان مصباح کو امپائرکے فیصلے کیخلاف ردعمل مہنگا پڑ ا‘ نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے میچ میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیتے ہوئے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق پر میچ فیس کا 15 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے جبکہ نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر ایڈم ملنے کو غیر ذمہ دارانہ رویہ اختیار کرنے پرسرزنش کی گئی ہے۔ آئی سی سی کے بموجب ضابطہ اخلاق کے مطابق کپتان کیلئے لازمی ہے کہ وہ میدان میں جذبات کو قابو میں رکھیں‘ مصباح نے کپتان ہونے کے باوجود اپنے غضہ پر قابو نہیں رکھا۔شارجہ میں نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کے دوسرے میچ میں امپائر رچرڈ النگ ورتھ نے مصباح الحق کو آوٹ قرار دیا تھا۔ مصباح الحق نے اس فیصلے کے خلاف ریویو بھی لیا تھا لیکن ٹی وی امپائر جول ولسن نے بھی فیلڈ امپائر کا فیصلہ برقرار رکھا تھا اور آوٹ دیئے جانے پر مصباح الحق نے ناراضگی ظاہر کی تھی۔ کپتان کو آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کے لیول ون کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیتے ہوئے ان پر میچ فیس کا 15 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔