دبئی ۔2 مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی ٹسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ وہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین شہریار خان سے ملاقات کرکے اپنے مستقبل کے منصوبوں کے حوالے سے بات چیت کریں گے تاہم وہ ویسٹ انڈیز سیریز کھیلنے کو تیار ہیں، لیکن ان کی کپتانی کے معاملے کا فیصلہ پی سی بی کرے گا۔ مصباح نے مزید کہا کہ میں ایک دو دن میں چیئرمین پی سی بی سے ملاقات کروں گا اور انھیں اپنے منصوبے کے حوالے سے بتاؤں گا، میں سیریز کے لئے دستیاب ہوں لیکن میری کپتانی بورڈ کے ہاتھ میں ہے اور چیئرمین اس کا فیصلہ کریں گے۔پاکستان سوپرلیگ (پی ایس ایل) کے دوسرے پلے آف میں کراچی کننگز کے خلاف شکست سے دوچار ہونے کے معاملے پر اسلام آباد یونائٹڈ کے کھلاڑی مصباح نے کہا کہ 127 کا ہدف کچھ زیادہ مشکل نہیں تھا، لیکن ہماری بیٹنگ ناقص تھی۔کراچی کنگز کے بولروں نے بہت اچھی کارکردگی دکھائی لیکن ہماری بیٹنگ اچھی نہیں تھی، اگرچہ وکٹ تھوڑی مشکل تھی لیکن 127 ایسا اسکور تھا، جو حاصل کیا جاسکتا تھا۔ مصباح نے اعتراف کیا کہ شرجیل اور خالد کی معطلی کی وجہ سے ٹیم متاثر ہوئی۔دونوں نے گذشتہ سیزن میں اچھا کھیلا تھا اور وہ دونوں اچھی فارم میں تھے، ان کے انخلاء نے ہماری ٹیم اور حکمت عملی کو بہت متاثر کیا۔کراچی کنگز کی کامیابی کے بعد دفاعی چمپیئن اسلام آباد کی ٹیم رواں سیزن سے باہر ہوگئی ہے۔