مصباح ، یونس بورڈ کے دباؤ پر سبکدوش ہوئے

لاہور۔11 اپریل۔(سیاست ڈاٹ کام) مصباح الحق اور یونس خان کی سبکدوشی کی خبر منظر عام پر آنے کے بعد اس طرح کی خبریں بھی گردش میں ہیں کہ ان دونوں کھلاڑیوں نے پی سی بی کے دباؤ پر ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق سلیکشن کمیٹی کے سربراہ انضمام الحق نے گزشتہ ماہ ایک پریس کانفرنس کے دوران یہ پیغام دیا تھا کہ آنے والے چھ مہینوں میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے سینئر ترین کھلاڑی ٹیم سے فارغ کر دیا جائے گا اور ان کی جگہ نوجوانوں پر مشتمل ایک ٹیم تشکیل دی جائے گی۔ پاکستان سپر لیگ کے دوران ہی مصباح الحق اور یونس خان کو پیغام دیا گیا تھا کہ اب آپ لوگ ٹیم کے ساتھ مزید نہیں چل سکتے جس پر دونوں کھلاڑیوں نے اپنے لیے آخری ٹور مانگا تھا۔ مصباح الحق نے قابل عزت رخصتی مانگی اور یونس خان کو دس ہزار رنز کرنے تھے جس پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے دونوں کھلاڑیوں کی بات مان لی اور دور ویسٹ انڈیز کو ان کے لیے آخری دورہ قرار دیا تھا۔یاد رہے یونس خان ابھی بھی مزید دو سال کھیلنے کا ارادہ ظاہر کر چکے تھے ۔ شائقین کرکٹ ان باتوں کو اس وجہ سے بھی زیادہ اہمیت دے رہے ہیں کہ مصباح الحق کے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے اعلان سے ایک روز قبل پی سی بی کے چیئرمین شہریار خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ویسٹ انڈیز کی سیریز مصباح الحق کی آخری سیریز ہو گی۔