مشیرآباد میں مہیب آتشزدگی کا واقعہ

حیدرآباد /30 ڈسمبر ( سیاست نیوز ) علاقہ مشیرآباد میں واقع ٹمبر ڈپو ( لکڑی کا گودام ) آج صبح آگ لگنے سے راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوگیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ راجہ ڈیلکس تھیٹر کے قریب واقع ماروتی ٹمبر ڈپو میں شارٹ سرکیوٹ کی وجہ سے آگ کے شعلے بھڑک اٹھے اور دیکھتے ہی دیکھتے لکڑی کا ذخیرہ جل کر خاکستر ہوگیا ۔ اگرچکہ آتشزدگی کا واقعہ صبح سویرے پیش آیا لیکن یہاں کی مصروف ترین سڑک پر ٹریفک کئی گھنٹوں تک درہم برہم ہوگئی ۔ اچانک لگی اس آگ سے مشیرآباد کے علاقہ بھولک پور میں خوف و دہشت کا ماحول پیدا ہوگیا ۔

آلودہ پانی اور پلاسٹک گوداموں کے واقعات کے بعد اب آگ کے حادثہ سے علاقہ میں خوف دہشت پھیل گیا ۔ آگ اس قدر شدت اختیار کرگئی تھی کہ تقریباً 24 فائر ایجنسیوں کی مدد سے آگ پر قابو پایا گیا ۔ آتش فرو عملہ اور دیگر سرکاری ایجنسیوں کو آگ پر قابو پانے کیلئے 5 گھنٹوں کی طویل مشقت کرنی پڑی ۔اس لکڑی کے گودام میں سامان کا ذخیرہ بھرا پڑا تھا۔ تاہم سرکاری عہدیداروں نے تاحال آگ لگنے کی وجہ کی توثیق نہیں کی جبکہ مقام واقعہ پر سراغ رساں ایجنسیوں کے علاوہ کلوزٹیم کو بھی طلب کرلیا گیا تھا ۔ لکڑی کے بڑے گودام میں لگی اس آگ کی ایک وجہ کو برقی شاک سرکیوٹ تصور کیا جارہا تھا اس حادثہ پر شبہات بھی پائے جاتے ہیں۔ باوثوق ذرائع کے مطابق کل رات ہی اس گودام میں نیا ذخیرہ آیا تھا اور اس حادثہ کو منصوبہ بند سازش سمجھا جارہا ہے ۔ لکڑی کا گودام جس اراضی پر واقع ہے اس اراضی کے مالک اور کرایہدار گودام کے مالک میں گذشبہ چند روز سے تنازعہ چل رہا تھا اور پولیس اس زاویہ سے بھی تحقیقات کر رہی ہے ۔

آتشزدگی کے واقعہ کی اطلاع کے ساتھ ہی مقامی کارپوریٹر محمد واجد حسین جائے مقام پہونچ گئے اور فوری طور پر آگ پر قابو پانے کیلئے سرکاری محکموں کو حرکت میں لایا ۔ کمشنر بلدیہ مسٹر سریش کمار ، ڈپٹی مئیر راجکمار کے علاوہ رکن پارلیمنٹ سکندرآباد مسٹر انجن کمار یادو و داگر سرکاری عہدیادروں نے راحت کاری کے اقدامات کاجائزہ لیا ۔ پولیس مشیرآباد نے مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے ۔