حیدرآباد ۔ /27 جنوری (سیاست نیوز) سنٹرل کرائم اسٹیشن سی سی ایس پولیس نے راجکوٹ گجرات میں ایک دھوکہ باز کو گرفتار کرلیا جو مشہور کمپنیوں کے لائیٹرس تیار کرکے اسے فروخت کررہا تھا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 46 سالہ رجنی بھائی متوطن راجکوٹ گجرات کے خلاف سی سی ایس میں اگست 2016 ء میں سری مکیش مارکٹنگ کمپنی کے منیجر پردیپ جین کی شکایت پر دھوکہ دہی اور کاپی رائیٹ ایکٹ کے تحت ایک مقدمہ درج کیا گیا تھا ۔ بتایا جاتا ہے کہ رجنی بھائی نے پیجن ، ملٹن اور ایگل جیسے مشہور برانڈ کے گیاس لائیٹرس تیار کرتے ہوئے انہیں شہر میں فروخت کررہا تھا ۔ مقدمہ درج کئے جانے کے بعد سی سی ایس پولیس نے ردھی سدھی مارکٹنگ ، ریشپ مارکٹنگ ، رام دیو اسپیر پارٹس ، راجیشور اسپیر پارٹس اور دیگر دوکانات پر دھاوا کرتے ہوئے مشہور برانڈ کے نقلی گیاس لیٹرس ضبط کرلئے تھے ۔ سی سی ایس پولیس نے گجرات میں دھاوا کرتے ہوئے مشہور برانڈس کے گیاس لائیٹرس تیار کرنے والے دو آہنی ڈائی جس کے ذریعہ لائیٹرس تیار کئے جارہے تھے ضبط کرلیا اور اسے حیدرآباد منتقل کرتے ہوئے عدالت میں پیش کردیا ۔