حکومت پر دیرینہ مسائل کی یکسوئی میں ناکامی کا الزام
سرینگر ۔ 18 ۔ مئی : ( سیاست ڈاٹ کام) : مشہور ڈل جھیل کے قریب و جوار میں آج زبردست ٹریفک جام ہوگئی جب مقامی لوگوں نے دیرینہ مسائل بشمول بارش کے موسم میں سیلاب کے مسئلہ کو حل کرنے میں حکومت کی ناکامی کے خلاف یہاں احتجاجی دھرنا دیا ۔ ہزارہا مقامی مکینوں جس میں اکثریت خواتین کی تھی سڑکوں پر نکل آئے اور ڈل گیٹ کے قریب مین روڈ پر بیٹھ گئے ۔ جو کہ یہ علاقہ سیاحت کا مرکز ہے ۔ احتجاج کے باعث بولیورڈ اور حضرت بل سڑک پر سینکڑوں گاڑیاں پھنس گئیں احتجاج سے اظہار یگانگت کرتے ہوئے دکانات اور تجارتی اداروں کو بھی بند رکھا گیا یہ احتجاجی اس بات پر برہم تھے کہ بارش کے پانی سے ڈل جھیل میں طغیانی سے اس علاقہ میں اکثر و بیشتر سیلاب آجاتے ہیں ۔ جس کی روک تھام کے لیے حکومت کوئی اقدامات نہیں کررہی ہے ۔ علاوہ ازیں انہوں نے برقی شرحوں کو معقولیت پسند بنانے کا بھی مطالبہ کیا گیا ۔ اس موقعہ پر احتجاجیوں نے حکومت کی ناکامیوں کے خلاف لوک نغمے بھی سنائے۔ ایک احتجاجی علی محمد دار نے بتایا کہ سیلاب کا پانی ہمارے مکان میں داخل ہوجاتا ہے ۔ جس کے باعث روزمرہ کے کام انجام دینے سے قاصر ہیں اور یہ ایک سیاحتی مرکز کا حال ہے ۔ دوسرے مقامات کا کوئی پرسان حال نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ محکموں کو ان مسائل سے واقف کروایا گیا لیکن وہ توجہ دینے میں ناکام ہوگئے جس کے باعث انہیں مجبوراً سڑکوں پر نکلنا پڑا ۔ ایک اور احتجاجی فیضی بیگم نے کہا کہ برقی کی ناقص سربراہی کے باوجود برقی شرحوں میں یکسر اضافہ کردیا گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ مسائل کی یکسوئی کی تک یہ احتجاج جاری رہے گا ۔۔