فٹبال آئیکن کرسٹیانو رونالڈو کا اظہارِ تعزیت
پرتگال۔5 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) فٹبال کی دنیا میں لیجنڈ سمجھے جانے والے پرتگال کے معروف فٹبالر یوسیبیو 71 سال کی عمر میں انتقال کرگئے ہیں۔ ان کی موت پر اظہار تعزیت کرنے والوں میں موجودہ دور کے فٹبال آئیکن کرسٹیانو رونالڈو پیش پیش تھے۔ یوسیبیو نے سال 1966ء کے ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ گول کئے تھے۔ ان کی پیدائش سال 1942ء میں موزمبیق میں ہوئی۔ اس وقت یہ ملک پرتگال کا حصہ ہوا کرتا تھا۔ یوسیبیو دا سلوا فریدا نے پرتگال کی جانب سے 64 میچ کھیلے جن میں انہوں نے 41 گول کئے۔ سال 1966ء میں انگلینڈ میں ہونے والے عالمی کپ مقابلوں میں انہوں نے جملہ 9 گول کئے تھے جن میں سے 4 گول شمالی کوریا کے خلاف میچ میں کئے تھے۔ انہیں عالمی سطح پر ہر زمانے کے بہترین کھلاڑی میں سے ایک شمار کیا جاتا ہے۔
انہوں نے 745 پروفیشنل میچوں میں مجموعی طور پر 733 گول داغے۔ انہیں کھیل کی رفتار بڑھانے، تیزی کے ساتھ گول پر حملہ کرنے، چکمہ دینے، ڈربل کرنے کیلئے یاد کیا جاتا رہا ہے۔ انہیں ان کے بہترین کھیل کے لئے سال 1965ء میں بہترین یوروپی فٹبالر کے اعزاز سے بھی نوازا گیا تھا۔ بنفیکا فٹبال کلب کی جانب سے کھیلتے ہوئے انہوں نے سال 1962ء میں یوروپی کپ جیتا تھا۔ انہوں نے فٹبال کلب کے اپنے پندرہ سال کے کیریئر میں 10 لیگ اور 5 پرتگالی کپ میں کامیابی حاصل کی۔ وہ سال 1964ء سے 1973 کے دوران پرتگال کے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بھی رہے۔
وینکٹ رام ریڈی کے انتقال سے اسپورٹس کو نقصان
حیدرآباد۔5جنوری(سیاست نیوز) قائد وائی ایس آر کانگریس پارٹی سابق صدرنشین اسپورٹس اتھاریٹی آف آندھرا پردیش مسٹر نواب میر حیدر علی خان نے کھیل کود کی دنیا کی نامور شخصیت مسٹر وینکٹ رام ریڈی سابق جنرل سکریٹری اے پی اولمپک اسوسی ایشن و سابق ڈائرکٹر اسپورٹس میونسپل کارپوریشن حیدرآباد کے دیہانت پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ مسٹر ایل وینکٹ رام ریڈی جو کھلاڑیوں کے لئے ایک معروف شخصیت تھے اپنی منفرد پہچان رکھتے تھے۔ انہوں نے اپنی ساری زندگی کھیل کود کے لئے وقف کر رکھی تھی جنہیں لوگ محبت سے بھائی صاحب کہا کرتے تھے۔ مسٹر نواب میر حیدرعلی خان نے کہا کہ بھائی صاحب کے دیہانت سے جو خلاء پیدا ہوئی اس کا پر ہونا مشکل ہے۔