مشہور ماہر امراض قلب ڈاکٹر مرلی دھر رائو کا انتقال

بنگلور۔/4ستمبر(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز):ریاست کرناٹک کے معروف ماہر امراض قلب اور عثمانین ڈاکٹر مرلی دھر رائو جنھیں اُردو زبان و ادب سے طب کے علاوہ خاصا شٖگ تھا 73سال کی عمر میں کل شام بنگلور کے ایک اسپتال میں چل بسے۔وہ عرصہ دراز سے کینسر جیسے موذی مرض کا شکار تھے۔پسماندگان میں بیوہ کے علاوہ دو لڑکے اور دو لڑکیاں ہیں۔ڈاکٹر رائو اُردو کا شستہ ذوق رکھتے تھے اور وہ معروف تعلیمی ادارے نوتن ودیالیہ گلبرگہ کے عرصہ دراز سے صدر تادم مرگ صدر رہے ۔ان کی سرپرستی میں اس ادارے میں خاصی ترقی کی ہے۔ڈاکٹر رائو اس کے علاوہ کل ہند ذیابطیس اسو سی ایشن کے صدر بھی رہے ہیں اس کے علاوہ وہ اسو سی ایشن آف فزیشین آف انڈیا سے بھی منسلک رہ چکے تھے۔ان کے ایک فرزند بھی ماہر امراض قلب ہیں اور ممبئی کے بریچ کینڈی اسپتال میں کارگر ہیں اور ایک دختر شرمیلا رائو امریکہ میں طب کی پریکٹیس کر رہی ہیں اور ایک لڑکا اور ایک لڑکی انجینئر ہیں۔ان کی آخری رسومات ان کے آبائی شہر گلبرگہ میں آج ادا کر دی گئیں۔انھیں گلبرگہ یونیورسٹی نے طب میں ان کی بے بہا خدمات کے اعتراف میں اعزازی ڈاکٹریٹ کی ڈگری عطا کی ۔انھیں کرناٹک راجیہ اتسو ایوارڈ بھی دیا گیا تھا۔