ممبئی۔ 10 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ممبئی کے لئے چیف ایگزیکٹیو آفیسر کے تقرر کی بی جے پی کی تجویز کے بارے میں شیوسینا نے بی جے پی کو آج انتباہ دیا کہ ممبئی کے بارے میں کوئی بھی فیصلہ کرنے سے پہلے ان سے مشورہ کیا جائے۔ موجودہ چیف منسٹر ریاست کے لئے بڑے منصوبے رکھتے ہیں لیکن انہیں مہاراشٹرا کے دارالحکومت کے لئے کوئی بھی فیصلہ کرنے سے پہلے ہمارا موقف جان لینا چاہئے۔ شیوسینا کے ترجمان ’’سامنا‘‘ کے ایک اداریہ میں تحریر کیا گیا ہے کہ چیف ایگزیکٹیو آفیسر کے تقرر سے آپ کو کیا حاصل ہوگا؟ ہم آپ کو مشورہ دیتے ہیں کہ ممبئی کے شہریوں کی برہمی یا عتاب مول نہ لیں۔ چیف منسٹر فرنویس کا انتظامی سہولت کیلئے سی ای او کے تقرر کا نظریہ اور ان کے دیگر کئی جاری پراجیکٹس جو ان کے خیال سے ممبئی اور ممبئی میٹرو پولیٹن علاقہ کیلئے تعاون اور دائرۂ عمل کے بارے میں فقدان کی وجہ سے تاخیر سے شروع ہوئے ہیں جس کی وجہ سے کارآمد ثابت نہیں ہوسکے، لیکن جہاں تک سی ای او کے تقرر کی تجویز کا معاملہ ہے، ایڈیشنل چیف سکریٹری کے رتبہ کے عہدیدار کے تقرر سے پہلے شیوسینا چاہتی ہے کہ چیف منسٹر ممبئی میٹرو پولیٹن علاقہ کی ترقیاتی اتھاریٹی جیسے اداروں کی کارکردگی کا جائزہ لینے جنہیں ممبئی کو ترقی دینے کے لئے تشکیل دیا گیا تھا، اس کے بعد ہی سی ای او کے بارے میں فیصلہ کریں۔ شہر کی ترقی کے نام پر سابق ریاستی حکومت نے کئی محکمے قائم کئے تھے لیکن اسے ممبئی کے مسائل حل کرنے اور شہر کو ترقی دینے میں کتنی کامیابی حاصل ہوئی؟ بہتر ہوگا کہ چیف منسٹر ان تمام حقائق سے واقفیت حاصل کریں اور اس کے بعد ہی کوئی فیصلہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کو ممبئی کے مسائل میں کمی کرنے کیلئے ایسے فیصلے کرنے سے پہلے بڑھتے ہوئے مسائل کا جائزہ لینا چاہئے، اس کے بعد ہی شہر کے مفاد میں درحقیقت کوئی کام کیا جاسکتا ہے۔