مشن کاکتیہ کسانوں کیلئے کارآمد پروگرام

کوہیر میں سابق ریاستی وزیر فریدالدین کا کسانوں سے خطاب
کوہیر 19 جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع میدک کے کوہیر منڈل کے موضع پیڈراگل میں جناب محمد فریدالدین سابق ریاستی وزیر کے ہاتھوں مشن کاکتیہ پروگرام کا افتتاح عمل میں آیا۔ اس موقع پر اُنھوں نے کسانوں کے بشمول شرکاء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا۔ مشن کاکتیہ پروگرام کسانوں کے لئے بہت کارآمد پروگرام ہے۔ اس کی نظیر ملک بھر میں کوئی ریاست میں نہیں ملتی۔ ملک کی دیگر ریاستوں سے وفد آکر مشن کاکتیہ کے بارے میں جانکاری حاصل کررہے ہیں۔ انھوں نے کنٹوں کی نکاسی سے بارش کا پانی جمع ہوجاتا ہے اور زیر زمین سطح آب میں زبردست اضافہ ہوجاتا ہے۔ ریاست تلنگانہ حکومت کسانوں کے بنیادی مسائل کو حل کرنے کے لئے پوری طرح سنجیدہ ہے۔ آئندہ سال مارچ کے مہینہ سے کسانوں کو 9 گھنٹے برقی مفت سربراہ کی جائے گی۔ ہمارے علاقوں میں آج ہر طرف جنگل کو ختم کردیا گیا ہے جس کی وجہ سے بارش کم ہورہی ہے۔ ہماری آنے والی نسلوں کے لئے ہمیں شجرکاری کرنے کی ضرورت ہے جس کے لئے ہر شہری کی ذمہ داری ہے کہ اپنے اپنے علاقوں میں شجرکاری کریں۔ اس موقع پر مانک راؤ ڈائرکٹر ایس انچارج حلقہ اسمبلی ظہیرآباد نے مخاطب کرتے ہوئے چندر شیکھر راؤ زیرقیادت تلنگانہ حکومت کسانوں کی فلاح و بہبود کی پابند ہے۔ اس لئے حکومت نے کسانوں کے لئے کروڑہا روپئے خرچ کرکے فلاحی کام انجام دے رہی ہے۔ انھوں نے کہاکہ 45 ایکر اراضی موجود ہے جس کے لئے 37 لاکھ روپئے خرچ کئے جائیں گے۔ اس موقع پر محمد عمر احمد صدر ٹی آر ایس، محمد کلیم الدین، صالح بن قاسم، محمد اظہر کے علاوہ کوہیر منڈل صدرنشین موجود تھے۔