میدک ۔ 31 ۔ ڈسمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) میدک ٹاؤن کے پٹلم تالاب اور نواح میں واقع گوئندر تالاب کو منی ٹینک بنڈ کے طرفہ ہر ترقی کے منصوبے قطعیت دینے کے مقصد سے چیف انجینئر مسٹر ناگیندر راؤ محکمہ آبپاشی نے اپنے ماتحت انجینئروں کے ہمراہ دونوں مذکورہ تالابوں کا معائنہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ مشن کاکتیہ پروگرام کے تحت عنقریب میں ریاستی سطح پر دوسرے مرحلہ کا آغاز ہوگا ۔ اس پروگرام کے تحت ریاست میں 10,200 تالابوں کا انتخاب کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مشن کاکتیہ کے تحت پہلے مرحلہ کے دوران ساری ریاست میں 8200 تالابوں کو ترقی دی گئی تھی ۔ اس مقصد کیلئے 1,420 کروڑ صرف کئے جارہے ہیں ۔ مسٹر ناگیندر نے بتایا کہ 1600 تالابوں کے مکمل کر لئے گئے ۔ باقی کام ماہ مارچ تک مکمل ہوجائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے 119 اسمبلی حلقوں میں کم از کم ایک منی ٹینک بنڈ تعمیر کیا جائیگا ۔ا س مقصد کیلئے حکومت نے قریب 5 کروڑ مختص کئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ میدک کے میڈیم اریگیشن پراجکٹ گھن پور آیاکٹ کے تحت موجود نالوں ، محبوب نہر ، فتح نہر پر سی سی ورکس کی انجام دہی کیلئے پہلے مرحلے کے دوران 24 کروڑ 45 لاکھ ، دوسرے مرحلے کے تحت 21 کروڑ 6 لاکھ مختص کئے گئے ہیں ۔ چیف انجینئر آبپاشی کے ہمراہ صدرنشین بلدیہ مسٹر اے ملکاراجن گوڑ ، سپرنٹنڈنگ انجینئر میدک سرکل مسٹر ایلیا ، سکریٹری ریاستی ٹی آر ایس مسٹر ایم دیویندر ریڈی ، وائس چیرمین بلدیہ مسٹر راگی اشوک بھی موجود تھے ۔