ضلع کلکٹر وقارآباد سید عمر جلیل کا دورہ کوڑنگل، متعلقہ عہدیداروں کو ضروری ہدایات
کوڑنگل۔/15 فبروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) گزشتہ روز ضلع کلکٹر وقارآباد جناب سید عمر جلیل نے حلقہ اسمبلی کوڑنگل کے منڈلوں کوڑنگل اور بمرس پیٹ کا طوفانی دورہ کرتے ہوئے حکومت تلنگانہ کی شروع کردہ اسکیم مشن بھگیرتا کے کاموں کا تفصیلی معائنہ کرتے ہوئے اندرون ایک ماہ کاموں کی تکمیل کرنے کیلئے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایات جاری کیں۔ کوڑنگل کے نواح میں واقع سدنم جھیل کے دامن میں تین منڈلوں کے لوگوں کو پینے کے پانی کی سربراہی کے لئے تعمیر ہونے والے مشن بھگیرتا ٹینک و دیگر کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے عاجلانہ طور پر تکمیل کیلئے زوردیا۔ تاحال تقریباً 60 فیصد کاموں کی تکمیل ہوئی ہے مگر علاقہ کوڑنگل کیلئے پینے کا پانی سربراہ کرنے والے اوور ہیڈ ٹینک کا تعمیری کام 90 فیصد بمرس پیٹ منڈل سے متعلقہ ٹین کے کام 80 فیصد مکمل ہونے کی صراحت کی گئی۔ کلکٹر موصوف نے بقیہ کام کو جنگی پیمانے پر انجام دیتے ہوئے فوری تکمیل کی تگ و دو کرنے پر زوردیا۔ گھر گھر صاف و شفاف پینے کے پانی کی سربراہی کے مقصد سے شروع کردہ مذکورہ اسکیم پر چیف منسٹر نے خاص توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔ اس تناظر میں حکومت کی ہدایات کے مطابق کاموں میں تیزی پیدا کی جائے گی۔ ساتھ ہی ساتھ ایم پی ڈی او دفتر کے روبرو پائپ لائن کے تعمیری کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے کاموں میں عجلت کیلئے ہدایت کی۔ اس موقع پر مشن بھگیرتا ای ای پدما لتا، ڈی ای بابو سرینواس، آر ڈی او وینو مادھو، تحصیلدار وینکٹیش و دیگر عہدیدار موجود تھے۔ بمرس پیٹ منڈل کے دامن میں واقع حیدرآباد، بیجا پور میں ریاستی شاہراہ پر جنگلات کے علاقہ میں تعمیری کام روک دیئے جانے کا انکشاف ہوا۔ کلکٹر نے معائنہ کرتے ہوئے جنگلات کے عہدیداروں سے ربط پیدا کرنے کی بات کہی۔ بہر حال کام کو بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رکھنے پر زور دیا۔ ہائی وے کے تعمیری کام کی وجہ تمکی میٹلہ اور بوٹلونی تانڈہ روڈ کا بھی معائنہ کیا۔ علاوہ ازیں ناگی ریڈی پلی میں تعمیر ہونے والے ٹینک کے تعمیری کاموں کو بھی جاری رکھنے پر زور دیا۔ تحصیلدار بمرس پیٹ راجندر ریڈی و دیگر متعلقہ عہدیداران نے تفصیلات سے آگاہ کروایا۔