مشن بھگیرتا کے کاموں کو شیڈول کے مطابق مکمل کرنے کی ہدایت

ورنگل میں جائزہ اجلاس سے ڈپٹی چیف منسٹر کے سری ہری کا خطاب
ورنگل۔یکم ستمبر،( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مشن بھگیرتا کے کاموں کو شیڈول کے مطابق مکمل کرلیں۔ ضلع کلکٹرس ہفتہ میں ایک دن عہددیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کریں۔ یکم جنوری سے متحدہ ضلع ورنگل کے تمام مواضعات کے ضرورت مندوں کو مشن بھگیرتا پروگرام کے تحت پینے کا پانی سربراہ کیا جائے گا۔ آئندہ سال سے کسانوں کو ایک ایکڑ پر 8 ہزار کی امداد دی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار ڈپٹی چیف منسٹر کڈیم سری ہری نے ہنمکنڈہ نکل گٹہ ، نندنا گارڈن میں متحدہ ضلع ورنگل ( ورنگل ایسٹ، ورنگل ویسٹ، محبوب آباد، جنگاؤں، بھوپال پلی جے شنکر ) کلکٹرس اور عوامی نمائندوں، ضلعی عہدیداروں کے ساتھ منعقدہ مشن بھگیرتا اور کسانوں کے مسائل کے تعلق سے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی ہدایت کے مطابق یکم جنوری سے ریاست کے عوام کو شفاف پینے کا پانی یقینی طور پر سربراہ کیا جائے گا۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ شیڈول کے مطابق مشن بھگیرتا کاموں کو مکمل کرلیا جائے۔ انہوں نے پالیر، ایل ایم ڈی، ورنگل، سگمنٹ میں جاری کاموں کی سست رفتار پر عہدیداروں کو توجہ دلاتے ہوئے جلد سے جلد کاموں کو مکمل کرلینے کی ہدایت دی اور کہا کہ تساہل سے کام کرنے والوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ڈپٹی چیف منسٹر کڈیم سری ہری نے متحدہ ضلع ورنگل کے کلکٹرس کو ہدایت دی کہ مشن بھگیرتا کے کاموں کے تعلق سے ہفتہ میں ایک مرتبہ جائزہ لیں۔ کاموں میں حائل ہونے والی رکاوٹوں کو دور کیا جائے۔ پائپ لائن کی تنصیب اور دیگر کاموں کو جنگی خطوط پر انجام دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع میں آئندہ ماہ کی 10 تاریخ تک تالابوں میں مچھلیوں کو چھوڑا جائے، تالابوں میں کم سے کم تین ماہ تک پانی رہنا چاہیئے، انہوں نے کہا کہ کسانوں کے مسائل کی یکسوئی کیلئے کمیٹیوں کا قیام عمل میں لایا جائے۔ سال 2018-19 کے کسانوں کے مسائل کے تعلق سے یہ کمیٹیاں کام کریں گی۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ کسانوںکو تکلیف ہونے نہیں دی جانی چاہیئے ان کے مسائل کو سنجیدگی سے لیکر جلد سے جلد ان کی یکسوئی کے اقدامات کئے جائیں۔ اس موقع پر ورنگل اربن کلکٹر ایل پالی کاٹا، ورنگل رورل کلکٹر پرشانت جیون پاٹل، جنگاؤں کلکٹر دیواسینا، محبوب آباد کلکٹر ہریش مہتا، جے شنکر بھوپال پلی کلکٹر مرلی، ضلع پریشد چیرمین جی پدما، محبوب آباد رکن پارلیمنٹ سیتا رام نائک، ورنگل ایم پی مسٹر دیاکر، ورنگل ( مغرب ) رکن اسمبلی ڈی ونئے بھاسکر کے علاوہ دیگر ایم ایل اے، کنڈہ سریکھا، ایرابلی دیاکر راؤ، ڈاکٹر ٹی راجیا، سی ایچ دھرما ریڈی، اے رمیش و دیگر عہدیدار موجود تھے۔ جائزہ اجلاس صبح 10:30 بجے کا وقت دیا گیا تھا۔ بعض عہدیدار10-50 بجے کے بعد آنے پر ڈپٹی سی ایم نے کہا کہ کم از کم اجلاس میں شرکت کیلئے تو وقت کی پابندی کی جائے، آئندہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔