مشن بھگیرتا اور مشن کاکتیہ کے نام عوام کیساتھ کھلواڑ

سی پی آئی اسٹیٹ کونسل کا اجلاس ، سی وینکٹ ریڈی و دیگر کا خطاب
حیدرآباد۔28ستمبر(سیاست نیوز) سینئر کمیونسٹ قائد وسابق رکن پارلیمنٹ راجیہ سبھا جناب سیدعزیز پاشاہ نے کہاکہ ڈھائی سال میںحکومت تلنگانہ شہر حیدرآباد اور اس کے اطراف واکناف میںواقع تالابوں اورجھیلوں کی بازیابی کے لئے ہائی کورٹ کی جانب سے جاری کی گئی ہدایت پر کام نہیںکرسکی جس کی وجہہ سے تالابوں اور جھیلوں میںتعمیر کئے گئے مکانات موسلادھار بارش میںزیر آب آگئے۔ آج یہاں سی پی آئی پارٹی ہیڈکوارٹر مخدوم بھون میںتلنگانہ سی پی ائی اسٹیٹ کونسل کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے جناب سید عزیزپاشاہ نے کہاکہ ہائی کورٹ کی ہدایت پر حیدرآباد اور مضافات کے تالابوں کی بازیابی کے لئے لیک پروٹکشن کمیٹی کی تشکیل عمل میںآئی جس کامقصد شہر حیدرآباد کے 28ہزا ر تالابوں کی عظمت رفتہ بحال کرنا تھا۔2010میںیہ کمیٹی تشکیل دی گئی مگر کمیٹی قائم کرنے کا مقصد اب تک ادھورا ہے۔عزیز پاشاہ نے کہاکہ چندا نگر کا پی جے آر آئوٹ ڈور اسٹیڈیم‘ ہاوزنگ کارپوریشن لنگم پلی‘ایچ ایم ڈبلیو ایس دفتر اور ساتی چیرو پر قائم کردہ محکمہ ٹورزم کا دفترتالابوں کی زمین پر تعمیر کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حکومتی اداروں کی جانب سے تالابوں اور جھیلوں پر تعمیری سرگرمیاں انجام دینے کی وجہہ سے لینڈ گربراس کے حوصلوں کوتقویت ملی ہے۔ نالوں او رتالابوں پر تعمیرات غیرقانونی ہیں اور حکومت کو چاہئے کہ وہ ان تعمیرات کو بناء کسی دبائو کو منہدم کرے مگر بے گھر افراد کی بازآبادکاری بھی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ سب سے پہلے ان لینڈگرابرس پر مقدمے درج کئے جائیںجنھوں نے تالابوں کی اراضی پر مکانات تعمیر کرکے فروخت کئے۔انہوں نے ایسے لینڈگرابرس کے ساتھ سختی سے نمٹنے کا حکومت سے مطالبہ کیا۔سی پی ائی تلنگانہ اسٹیٹ سکریٹری چاڈا وینکٹ ریڈی نے پچھلے چھ ماہ میں ریاست تلنگانہ میںپیش ائی سیاسی سرگرمیوں پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاکہ مشن بھگیرتا او رمشن کاکتیہ کے نام پر تلنگانہ کے  عوام سے کھلواڑ کیاجارہا ہے۔ چاڈاوینکٹ ریڈی نے کہاکہ حکومت تلنگانہ بالخصوص چیف منسٹر کے چندرشیکھر رائو اپنے انتخابی وعدوں کی تکمیل میںپوری طرح ناکام ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ضلع میدک میںمشن باگیرتا کے تحت آبپاشی پراجکٹ کی رسم اجرائی کے موقع پر وزیراعظم نریندر مودی چیف منسٹر کے چندرشیکھر رائو کے کاموں کی ستائش کرتے ہیں اور انہیںہندوستان کے سب سے بہترین او رکامیاب چیف منسٹر کے اعزاز سے بھی نوازتے ہیںمگر دوسرے ہی پل نریندر مودی کی موجودگی میں بی جے پی کے جلسہ عام کے دوران پارٹی قائدین فتح میدان سے خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر کے سی آر کی کارکردگی کو اپنی سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہیں۔چاڈا وینکٹ ریڈی نے کہاکہ ٹی آر ایس اور بی جے پی ایک سکے کے دور خ ہیں۔ وی یس بوس نے بھی کونسل اجلاس سے خطاب کیا۔