مشفق ہندوستان کیخلاف واحد ٹسٹ میں شاید وکٹ کیپنگ نہ کرسکیں

ڈھاکہ ، 2 جون (سیاست ڈاٹ کام) بنگلہ دیش کے کپتان مشفق الرحیم ہوسکتا ہے ہندوستان کے خلاف آئندہ ہفتے شروع ہونے والے واحد کرکٹ ٹسٹ کے دوران وکٹ کیپنگ نہ کرپائیں کیونکہ وہ ابھی انگلی کے زخم سے پوری طرح صحت یاب نہیں ہوئے ہیں، صدر بی سی بی نجم الحسن نے یہ بات کہی۔ مشفق اپریل میں پاکستان کے خلاف کھُلنا ٹسٹ کے دوران اپنے دائیں ہاتھ کی درمیانی انگلی زخمی کربیٹھے تھے اور اگرچہ وہ اُس سیریز کا دوسرا ٹسٹ بھی کھیلے لیکن انھیں اسٹمپس کے پیچھے اپنا بہترین مظاہرہ پیش کرنے میں دقت ہوئی۔ مشفق کا بنگلہ ٹیم میں ٹریپل رول ہے: کیپٹن، بیٹسمن اور وکٹ کیپر اور نجم الحسن کا احساس ہے کہ انھیں شاید ایک رول ترک کرنا پڑے اور وہ ممکنہ طور پر وکٹ کیپنگ ہے۔ نجم نے کل میرپور میں منعقدہ پریس کانفرنس کو بتایا کہ مشفق کو کپتانی سے ہٹانے کی باتیں ہوئیں لیکن کرکٹ بورڈ نے ایسا نہیں کیا ہے۔