فتح اللہ ۔ 26 ۔ فروری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم نے ایشیاء کپ کے اپنے ابتدائی مقابلہ میں بنگلہ دیش کے خلاف ٹاس جیت کر میزبان ٹیم کو پہلے بیٹنگ کیلئے مدعو کیا جس میں اپنے کپتان مشفق الرحیم کی شاندار سنچری اور اوپنر انعام الحق کی شاندار نصف سنچری کی بدولت مقررہ 50 اوورس میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 279 رنز اسکور کئے ہیں۔ ہندوستانی فاسٹ بولر محمد سمیع نے 16 رنز کے مجموعی اسکور پر حریف اوپنر شمس الرحمن کو اپنی ہی بولنگ پر کیچ آؤٹ کرتے ہوئے ہندوستان کو پہلی کامیابی دلوائی جس کے بعد دنیش کارتک نے روی چندرن اشون کی بولنگ پر مومن الحق کو اسٹمپ کرتے ہوئے ہندوستان کو دوسری کامیابی دلوانے میں اپنا رول ادا کیا۔ 49 رنز کے مجموعی اسکور پر شمس الرحمن 7 رن بناکر اور مومن الحق 23 رن بناکر پویلین لوٹ چکے تھے
لیکن اس موقع پر انعام الحق اور مشفق الرحیم نے تیسری وکٹ کیلئے 133 رنز کی پارٹنرشپ نبھاتے ہوئے ٹیم کو مستحکم موقف میں پہنچایا۔ انعام الحق نے 106 گیندوں میں 5 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 77 رنز اسکور کئے جبکہ مشفق الرحیم نے بحیثیت کپتان بنگلہ دیش کیلئے انفرادی اعظم ترین اسکور بنانے کا ریکارڈ اپنے نام کرلیا جیسا کہ چھوٹے قد کے اس بڑے کپتان نے 113 گیندوں میں 7 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 117 رنز کی یادگار اننگز کھیلی۔دیگر بیٹسمینوں میں نعیم الاسلام نے 19 گیندوں میں ایک چوکے کی مدد سے 14 رن جبکہ ضیاء الرحمن نے 12 گیندوں میں 2 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے تیز رفتار 18 رنز اسکور کئے ۔ ہندوستانی بولروں نے زائد 18 رنز کے ذریعہ بنگلہ دیشی اسکور میں اپنا تعاون دیا۔ ہندوستان کیلئے محمد سمیع کامیاب بولر ثابت ہوئے جنہوں نے 50 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔