مشرقی یروشلم میں فلسطینیوں کی گرفتاری ، پولیس کارروائی

یروشلم۔ 3 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) اسرائیلی پولیس نے مشرقی یروشلم میں کل رات اور آج کم از کم ایک درجن فلسطینیوں کو گرفتار کرلیا، فلسطینی عہدیداروں نے یہ بات بتائی، جو اس مقدس شہر میں پرتشدد جھڑپوں کے کئی ماہ بعد تازہ ترین کارروائی ہے۔ لیکن پولیس کی ترجمان نے صرف 4 گرفتاریوں کی توثیق کی اور ان لوگوں کے بارے میں کچھ نہیں بتایا جو دیگر سیکوریٹی ایجنسیوں کی جانب سے ہوسکتا ہے محروس کرلئے گئے ہیں۔ گرفتار شدہ افراد کا تعلق ایساویا اور وادی جوز سے ہے جو اسرائیلی الحاق والے مشرقی یروشلم میں عرب بستیاں ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ بعض محروسین کا تعلق پرانے شہر سے بھی ہے، فلسطینی پریزنرس کلب نے ایک بیان میں یہ بات کہی۔ جمعرات کو پولیس نے دائیں بازو کے کٹر پسند یہودی ربی کے اقدام قتل کے شبہ میں ایک فلسطینی نوجوان کو گولی مار کر ہلاک کردیا تھا جس کے ساتھ پتھراؤ کرنے والے فلسطینیوں اور سیکوریٹی فورسیس کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ دن بھر جاری رہا جبکہ سیکوریٹی والوں نے آنسو گیس اور ربر کی گولیوں کا استعمال کیا۔ تازہ گرفتاریاں لگ بھگ 111 فلسطینیوں کی 22 اکٹوبر سے مشرقی یروشلم میں تشدد کی وجوہات پر حراست کے بعد سامنے آئی ہیں۔