مشرقی افعانستان میں 49 عسکریت پسند اور پانچ فوجی ہلاک

کابل 29 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام)مشرقی افغانستان کے صوبہ پکتیا میں عسکریت پسندوں کے زبردست حملہ کے بعد کم از کم 49 طالبان شورش پسند اور پانچ فوجی ہلاک ہوگئے ۔ وزارت دفاع کے بموجب 500 سے زیادہ شورش پسندوں نے صوبہ پکتیا میں ایک فوجی کارروائی کے آغاز کے بعد فوج پر حملہ کیا تھا جس میں 49 عسکریت پسند اور پانچ فوجی ہلاک کردیئے گئے ۔ چین کے خبرساں ادارہ ژنہوا کے بموجب وزارت دفاع افعانستان کے ترجمان محمدظاہر اعظمی نے کہا کہ ایک فوجی کو یرغمال بنالیا گیا ۔ حملہ میں کئی غیر ملکی عسکریت پسند شامل تھے ۔

اعظمی نے کہا کہ فوجی کارروائی پیر کی علی الصبح شروع کی گئی تھی جو منگل کی صبح ختم ہوگئی ۔ فوج نے ناٹو زیر قیادت اتحادی افواج کی مدد کیلئے فضائیہ بھی طلب کرلیا ۔ اتحادی فوجوں نے حملہ پر جوابی کارروائی کی ۔ صوبہ پکتیا کے گورنر کے ترجمان کے بموجب چھ فوجی فائرنگ کے تبادلے کے دوران زخمی بھی ہوگئے ۔ مشرقی افغانستان کے صوبہ میںفوج پر شورش پسندوں کے حملے کے بعد فوج اور عسکریت پسندوں میں قومی دارالحکومت کابل کے جنوب میں 100 کیلو میٹر کے فاصلے پر فائرنگ کا تبادلہ ہوا تھا ۔ اس حملہ کے نتیجہ میں دو غیر ملکی فوجی ہلاک ہوگئے ۔ ناٹو زیر قیادت اتحادی افواج نے اپنے ایک بیان میںاس واقعہ کی تصدیق کی۔