مشرف کے بیرونی سفر سے پابندی ہٹانے شریک حیات کی درخواست

اسلام آباد ۔ 4 ۔ جنوری : ( سیاست ڈاٹ کام ) : سابق فوجی ڈکٹیٹر جنرل پرویز مشرف کی شریک حیات نے حکومت پاکستان سے درخواست کی ہے کہ ان ( مشرف ) کے بیرونی سفر پر عائد امتناع برخاست کی جائے ۔ تاہم وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ خصوصی عدالت ہی سابق فوجی حکمران کے مقدر کا فیصلہ کرے گی ۔ سابق جنرل مشرف کی شریک حیات صہبا نے وزارت داخلہ کے نام اپنے مکتوب میں درخواست کی ہے کہ ان کے شوہر کا نام ایکزٹ کنٹرول لسٹ ( ای سی ایل ) سے حذف کیا جائے ۔ جس کی انہوں نے کئی وجوہات بیان کی ہیں ۔ وزارت داخلہ نے اگرچہ کسی درخواست کی وصولی کی تردید کی ہے تاہم پرویز مشرف کی قانونی ٹیم کے ذرائع نے کہا ہے کہ وزارت ایسا کہتے تکنیکی طور پر صحیح ہے کیوں کہ آج تعطیل تھی ۔۔

سلمان تاثیر کو تیسری برسی پر خراج
اسلام آباد ۔ 4 ۔ جنوری : ( سیاست ڈاٹ کام ) : پاکستانی صوبہ پنجاب کے سابق گورنر سلمان تاثیر کی آج تیسری برسی منائی گئی ۔ اس موقع پر شہر تنظیموں نے ان کی یاد میں دعائیہ اجتماعات کا اہتمام کیا ۔ قلب شہر اسلام آباد کے پاش علاقہ کوشر مارکٹ میں اس موقع پر دئیے جلاتے ہوئے خراج ادا کیا گیا ۔ جہاں تین سال قبل 2011 میں آج ہی کے دن سلمان تاثیر کو خود ان ہی کے ایک سیکوریٹی گارڈ ممتاز نے گولی مار کر ہلاک کردیا تھا کیوں کہ سلمان تاثیر ایک عیسائی خاتون کی تائید کی تھی جس کو عدالت نے ’قانون ناموس ‘ کے تحت مجرم قرار دیا تھا ۔ عدلیہ ، میڈیا ، شعرو ادب کی ممتاز شخصیات حارث خلیق ، علی گیلانی ، فیصل حسین اور دوسروں نے سلمان تاثیر کو آزاد و سیکولر پاکستان کا حقیقی نمائندہ قرار دیا ۔۔