اسلام آباد 7 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) پرویز مشرف پر غداری کے مقدمہ کی سماعت کرنے والی خصوصی عدالت نے پریشان حال سابق فوجی حکمران کو انتباہ دیا ہے کہ 18 فبروری کو مقدمہ کی سماعت کے لئے حاضر رہیں۔ غیرحاضری کی صورت میں اُن کا ناقابل ضمانت گرفتاری وارنٹ جاری کیا جاسکتا ہے۔ آج کی پیشی میں پرویز مشرف غیرحاضر تھے۔ قبل ازیں ججوں نے اُنھیں آج شخصی طور پر حاضر ہونے کی ہدایت دی تھی اور ایک قابل ضمانت گرفتاری وارنٹ جاری کیا تھا۔ فوج کے سابق سربراہ نے خصوصی عدالت کی آج کی سماعت میں بھی شرکت کرنے کی عدالت میں مشرف کی درخواست قبول کرتے ہوئے جس میں آج حاضری سے استثنیٰ طلب کیا گیا تھا،
اُن کے وکیل صفائی انور منصور سے کہاکہ مشرف کو 18 فبروری کو لازمی طور پر عدالت میں پیش ہونا چاہئے بصورت دیگر اُن کا ناقابل ضمانت گرفتاری وارنٹ جاری کیا جاسکتا ہے۔ وکیل صفائی نے عدالت کو تیقن دیا کہ پرویز مشرف دواخانہ سے ڈسچارج ہونے کے بعد عدالت میں ضرور پیش ہوں گے۔ خصوصی عدالت کے سربراہ جسٹس فیصل رب نے انتباہ دیا کہ اگر مشرف آئندہ سماعت پر بھی حاضر نہ ہوں تو اُن کا ناقابل ضمانت گرفتاری وارنٹ جاری کیا جائے گا۔ خصوصی عدالت گزشتہ سال تشکیل دی گئی تھی تاکہ نومبر 2007 ء میں ایمرجنسی نافذ کرنے کے اقدام پر اعلیٰ سطحی غداری کے الزام میں مشرف پر مقدمہ چلایا جائے۔ اُنھیں 2 جنوری کو امراض قلب کی وجہ سے راولپنڈی کے فوجی ہسپتال میں شریک کیا گیا تھا۔