سرپور ٹاؤن۔/31جنوری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سرپور ٹاؤن مستقر سے 35کلو میٹر کی دوری پر واقع مرتھیڑی گاؤں میں 30جنوری کو رات کے اوقات میں اس گاؤں کی متوطن محترمہ سومنتا نامی خاتون اپنے مکان میں سورہی تھی کہ اچانک نامعلوم افراد کی جانب سے خاتون کے ساتھ مکان کو جلاکر خاکستر کردیاگیا اور مقامی لوگوں کے تعاون سے مکان میں جلنے والی خاتون کو سرپور ٹاؤن سرکاری دواخانہ میں شریک کیا گیا ۔ لیکن خاتون شدید آگ کی لپیٹ میں آنے سے زیادہ جلنے پر خانگی دواخانہ منچریال منتقل کیا گیا۔ لیکن راستہ میں ہی خاتون فوت ہوگئی۔ آج سرکاری دواخانہ سرپور ٹاؤن کے روبرو نعش کے ساتھ رشتہ داروں اور کانگریس قائدین اسٹیٹ سکریٹری کانگریس پارٹی میناریٹی صدر سید شکیل، نائب صدر منڈل پریشد محمد سہیل احمد، کانگریس پارٹی میناریٹی قائدین فیصل بن سلمان، طاہر علی اور کارکنوں کے ہمراہ احتجاج کرتے ہوئے خاتون کو اور اس کے گھر کو جلانے والوں کے خلاف انکوائری کرتے ہوئے سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ سرکل انسپکٹر پولیس موہن اور پراوین کمار نے احتجاج کرنے والوں کو سمجھاکر نعش کو پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کردیا گیا۔ کچھ دیر کیلئے حالات قابو سے باہر ہوگئے تھے۔