مشاعرے و کوی سمیلن گنگا جمنی تہذیب کے فروغ میں اہم ذریعہ

آنجہانی شاعر ترلوچن شاستری پر سمینار ، جناب سید عزیز پاشاہ کا خطاب
حیدرآباد۔20اگست(سیاست نیوز) تلنگانہ رائٹرس اینڈ کلچرل سوسائٹی کی جانب سے ہندی اُردو کے ممتاز شاعر آنجہانی ترلوچن شاستری پر ایک سمینار کا اُردو ہال حمایت نگر میں منعقد ہوا ۔ سینئر کمیونسٹ قائد وسابق رکن پارلیمنٹ راجیہ سبھا جناب سیدعزیز پاشاہ کے علاوہ امیت پرکاش سنگھ جرنلسٹ‘ نئی دہلی‘مسٹر درگا راج پاتون نے مہمان خصوصی سمینار میںشرکت کی جبکہ پروفیسر روہتیش شرما (گوا یونیورسٹی)‘ ششی نارائن سوادہین‘ ڈاکٹر اہلایہ مشرا‘شریمتی ایل وجئے لکشمی‘جنا ب فرید ضیائی‘ شریمتی جیوتی نارائن نے خطاب کرتے ہوئے ہندی اُردو کے ممتاز شاعر ترلوچن شاستری کو خراج عقید ت پیش کیا۔ جناب سید عزیز پاشاہ نے ہندی اُردو مشاعروں اور کوی سمیلن کو گنگاجمنی تہذیب کی فروغ کا بہترین ذریعہ قراردیا۔جناب سیدعزیز پاشاہ نے اس موقع پر رام پرشاد بسمل‘ فیض احمد فیض‘ اور مخدوم محی الدین کی شاعری کاذکر کیاجس میں آپسی اتحاد کوفروغ دیتے ہوئے ملک اور معاشرے کی ترقی کو یقینی بنانے کا طریقہ کار پیش کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اُردو زبان کو ایک قوم یا طبقے تک محدود کرنے کی سازش کرنے والوں کے لئے ترلوچن شاستری جیسے شاعر بہترین جواب ہیں۔بعد ازاںڈاکٹر رئوف خیر کی نگرانی میں ایک بین لسانی مشاعرے کا بھی انعقاد عمل میںآیا جس میں ڈاکٹر فاروق شکیل‘محترمہ ارجمند بانو‘مسٹر انجنی کمار گوئل‘محترمہ شہانہ خان‘شریمتی جیوتی نارائنہ‘جنا ب تجمل اظہر‘ مسٹر بنسی لال‘جنا ب معین افروز کے نام قابلِ ذکر ہیں۔جناب فرید ضیائی نے تمام مہمانوں اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔