محبوب نگر 12 اپریل ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)شیخ شجاعت علی ناظم جماعت اسلامی ہند محبوب نگر کی اطلاع کے بموجب حلقہ اسمبلی محبوب نگر کیلئے انتخابات میں ووٹوں کو تقسیم سے بچانے کی غرض سے ایک اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ہائی کمان کانگریس سے مطالبہ یا گیا کہ ٹی آر ایس سے مستعفی قائد سید ابراہیم کانگریس میں ٹکٹ ملنے کی توقع کے ساتھ شامل ہوئے تھے تاہم انہیں ٹکٹ نہ مل سکا۔ چنانچہ انہوں نے حلقہ اسمبلی محبوب نگر کے ساتھ ساتھ حلقہ پارلیمان محبوب نگر کے لئے بھی پرچہ نامزدگی داخل کئے ہیں لہذا کانگریس پارٹی سید ابراہیم کو دستردار کرانے کیلئے حکمت عملی کے ساتھ انہیں راجیہ سبھا یا ایم ایل سی بنانے کا تیقن دے اور ان کے پارٹی میں روشن مستقبل کی ضمانت دے ۔ اس طرح سید ابراہیم کو انتخابات سے دستبردار کردیا جائے بصورت دیگر اس کا سب سے بڑا نقصان کانگریس کو ہوگا اور مسلم ووٹوں کی تقسیم سے مسلم امیدوار کے جیتنے کے اثار ختم ہوجائیں گے ۔ اسٹیٹ مسلم کونسل محبوب نگر ، کانگریس ہائی کمان سے متفقہ طور پر مطالبہ کرتی ہیکہ وہ فوری حرکت میں آتے ہوئے سید ابراہیم کی دستبرداری کیلئے مناسب اقدام کرے اور ان کے سیاسی مستقبل کی حفاظت کی یقین دہانی کرے ۔ اجلاس میں جناب عبدالجبار امیر مقامی محبوب نگر سراج اللہ بیگ ایم پی جے ،فاروق حسین ضلعی صدر المیوا، جناب وحید پاشاہ بدیع اللہ بیگ، خالد نوید وغیرہ شریک تھے۔