مسلم نوجوان کا گلا کاٹ کر بہیمانہ قتل

حیدرآباد۔ 29 نومبر (سیاست نیوز) کشن باغ بہادر پورہ میں پیش آئے بہیمانہ قتل واقعہ میں ایک مسلم نوجوان کا گلا کاٹ کر قتل کردیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس چارمینار مسٹر کے اشوک چکرورتی نے بتایا کہ میرعالم ٹینک کی نیکلس روڈ پر آج صبح ایک نوجوان کی نعش دستیاب ہوئی جس پر چاقو سے کئے گئے کئی ضربات پائے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ آج صبح نیکلس روڈ پر چہل قدمی کرنے والے افراد نے نوجوان کی نعش خون میں لت پت پائے جانے پر پولیس کو اطلاع دی جس پر پولیس نے فوری حرکت میں آکر مقام واردات پہنچ گئی۔ پولیس نے بتایا کہ نوجوان جس کی عمر 16 تا 18 سال بتائی جاتی ہے، جو زرد رنگ کی ٹی شرٹ اور سبز ٹریک پائنٹ میں ملبوس ہے، ابتدائی تحقیقات میں پولیس اور سراغ رسانی دستہ (کلوز ٹیم) نے پتہ لگایا کہ نوجوان جو مسلم بتایا جاتا ہے، کا نامعلوم افراد نے گلا کاٹ کر بیدردی سے قتل کردیا اور اس کے چہرہ پر بھی متعدد وار کئے۔ پولیس نے اس سلسلے میں قتل کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کیا ہے اور پولیس کو شبہ ہے کہ مقتول نوجوان غیرسماجی سرگرمیوں میں ملوث ہوسکتا ہے۔ پولیس نے خصوصی ٹیمیں تشکیل دیتے ہوئے اس قتل کے معمہ کو جلد از جلد حل کرنے کی کوششیں شروع کردی ہیں۔