مسلم نوجوانوں کی غیر قانونی گرفتاری کے خلاف مہم

نظام آباد /26 فروری ( فیاکس ) صدر مسلم متحدہ محاذ ضلع نظام آباد جناب الماس خان نے اپنے صحافتی بیان میں تحفظ شہری حقوق کی مختلف آرگنائزیشن پر تعاون عمل سے مسلم اقلیتی نوجوانوں کی عیر قانونی حراست و ہراسانی کے خلاف ملک گیر مہم کے آغاز کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ایک ایسے دور میں جبکہ ملک میں فرقہ پرستی ، فسطائیت اور بدعنوان سیاست کا دور دورہ ہے ۔ اقلیتی دانشوروں ، ماہرین قانون ، مفکرین پر مشتمل تحریک UAPA کی جدوجہد کو گھٹا ٹوپ اندھیروں میں روشنی کی ایک کرن قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک کو عام انتخابات 2014 کا سامنا ہے ۔

اقتدار کی لالچی سیاسی جماعتوں ، فرقہ پرست تنظیموں مخالف مسلم اداروں اور قائدین کو اقتدار کی کرسی کیلئے بحالت موجودہ سرگرم عمل دیکھا جاسکتا ہے ۔ جبکہ پولیس حکام تحقیقاتی ایجنسیوں کی کارکردگی ایک سوالیہ نشان بنی ہوئی ہے ۔ ملک کی ہر ریاست میں غیر قانونی طور پر حراستوں کی وجہ سینکڑوں خاندان پریشان ہیں ۔ اس نوعیت کی غیر قانون غیر انسانی کارروائیوں کا سلسلہ طویل عرصہ سے جاری ہے ۔ ملک میں سینکڑوں فسادات میں بے شمار مسلمانوں کو جان و مالی نقصان اٹھانا پڑا ۔ لیکن وہ انصاف سے محروم رہے ۔ بالخصوص ریاست گجرات میں مسلمانوں کا قتل عام ایک منصوبہ بند سازش کے تحت ہوا تھا ۔ لیکن قاتل آزاد ہیں ۔ سینکڑوں مسلمان پولیس کی غیر قانونی حراست میں ہیں ۔ اس نوعیت کی کارروائیوں کے انسداد کیلئے ایک تحریک کا آغاز ایک خوش آئند علامت ہے ۔

اس تحریک کے صدر مولانا ولی رحمانی اور کنوینر جناب کمال فاروقی سابق صدرنشین اقلیتی کمیشن نئی دہلی ہیں ۔ جناب الماس خان نے کہا کہ قابل ذکر بات یہ ہے کہ اس مہم میں کئی انصاف پسند جدوجہد کرنے والی دردمند عیسائی اور دیگر اقلیتی طبقات اور شہری حقوق کیلئے جدوجہد کرنے والی شخصیتوں کو بھی شامل کیا گیا ہے ۔ علاقائی اور قومی حیثیت رکھنے والے سیاسی جماعتوں کے قائدین کو اس تحریک سے وابستہ کرنے کی کوششیں جاری ہے ۔ جناب الماس خان نے اس بات کی ضرورت پر زور دیا کہ ملک میں سیاہ قوانین ، ٹاڈا اور پوٹا کے استعمال کے ذریعہ پولیس حراست میں سال ہا سال سے رکھے گئے بے قصور افراد کو رہا کروانے کے سلسلے میں جناب کمال فاروقی اور مولانا ولی رحمانی اور ان کے رفقاء سے تمام جماعتی قائدین اور تنظیمیں تعاون کریں ۔ ارض دکن کی مایہ ناز شخصیت جناب زاہد علی خان ( سیاست ) کا ذکر کرتے ہوئے جناب الماس خان نے ان سے جناب کمال فاروقی اور دیگر اہم شخصیتوں کی ملاقات کو ایک اہم وجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ 5 مارچ کو راجدھانی دلی میں شہری حقوق کیلئے جدوجہد کرنے والی تنظیموں اور قائدین کا ایک اہم کنونشن ایک تاریخ ساز اہمیت کا حامل ثابت ہوگا ۔

صدر ضلع مسلم متحدہ محاـ جناب الماس خان نے کہا کہ حیدرآباد میں اس تحریک کے استحکام کہ سلسلے میں جناب زاہد علی خان نمایاں رول انجام دیں گے ۔ کیونکہ عامتہ المسلمین کیلئے انہوں نے آج تک مسلسل جدوجہد کی ہے ۔ عدالتوں میں مظلومین کو انصاف دلانے ، پولیس کی غیر قانونی حراستوں اور ملک میں فرقہ وارانہ فسادات کے متاثرین کی امداد کے سلسلہ میں ان کی خدمات روز روشن کی طرح عیاں ہیں ۔ جناب الماس خان نے اس توقع کا اظہار کیا کہ جناب زاہد علی خان کی مساعی سے اس ملک گیر مہم کو ارض دکن میں استحکام حاصل ہوگا ۔