مسلم مکانات کے انہدام کے خلاف سخت احتجاج

بودھن۔یکم ڈسمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بودھن شہر کے غیرت مند مسلم ارکان بلدیہ نے کل بلدیہ کے اجلاس میں بلا لحاظ سیاسی وابستگی یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اجلاس کا بائیکاٹ کرتے ہوئے اپنا احتجاج درج کروایا۔ دو ارکان بلدیہ خواجہ شرف الدین اور شیخ اطہر نے چیرمین کے شہ نشین کے سامنے منہ پر کالی پٹی باندھ کر زمین پر بیٹھ گئے۔ صدرنشین بلدیہ مسٹر ایلیا ( ٹی آر ایس پارٹی ) کی زیر صدارت آج پینے کے پانی کی موٹر سربراہی کے امور پر اجلاس طلب کیا گیا تھا ، اجلاس کے آغاز کے ساتھ ہی اعجاز خان فلور لیڈر ٹی آر ایس پارٹی نے ان کے بلدی حلقہ میں سرکاری اراضی پر موجود مکانات کی محکمہ مال کی طرف سے انہدامی کارروائی پر سخت احتجاج کرتے ہوئے صدرنشین بلدیہ کی عدم مداخلت پر برہمی کا اظہار کیا اور انہدامی کارروائی کے آغاز سے قبل انہیں حراست میں لے کر شہر سے دور دراز کے مقام ورنی پولیس اسٹیشن میں محروس رکھے جانے پر صدرنشین بلدیہ کے عدم ردعمل پر اعجاز خان نے افسوس کا اظہار کیا اور جناب خان نے بلدی حلقہ نمبر 6میں موجود NSF کی فاضل اراضی پر اچن پلی کے بے گھر مسلم ارکان خاندان کو جگہ نہ فراہم کرنے کے چیرمین کے اعلان پر ناراضگی کا اظہار کیا اور نذر علی ڈبو، مشتاق احمد راشد و خواجہ شرف الدین کے خلاف پولیس میں کریمنل کیس درج کروانے پر احتجاجاً اجلاس سے بائیکاٹ کرنے کا اعلان کیا۔ ان کے علاوہ دامودھر ریڈی، پاول، حبیب خان، اطہر، بھرت یادو، سید رفیع الدین اور وائس چیرمین نے بھی احتجاجاً آج کے اجلاس کا بائیکاٹ کیا اور اس طرح بعض خاتون ارکان نے بھی اجلاس چھوڑ کر رخصت ہوگئے۔ بالآخر صرف آٹھ ارکان بلدیہ لتا، سنگیتا، سجاتا، ساوتری، چندرکلا ، شیوراج، راما راجو، روی نے اجلاس میں شرکت کرتے ہوئے آج کے ایجنڈہ پر تبادلہ خیال کیا ۔ قبل ازیں سید رفیع الدین نے بودھن شہر میں نقلی پکوان تیل کے استعمال پر پابندی عائد کرنے اور ہوٹلوں و فاسٹ فوڈ سنٹرس پر دھاوے کرتے ہوئے پکوان تیل کے نمونے حاصل کرنے کا مطالبہ کیا۔