مسلم مجاہد ین آزادی کے کارناموں کو اُجاگر کرنا ضروری

کرنول میں غلام رسول خاں کے مجسمہ کی تنصیب کا فیصلہ، مشاورتی اجلاس کا انعقاد
کرنول۔/21جولائی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مجاہد آزادی مرحوم غلام رسول خاں کا شہر کرنول میں یادگاری مجسمہ نصب کیا جائیگا۔ اس بات کا فیصلہ روز نامہ آندھرا اکشرا و منا ٹی وی تلگو کے منیجنگ ڈائرکٹر و چیف ایڈیٹر مسٹر محبوب باشاہ نے اپنے دفتر میں شہر کی مختلف سیاسی و سماجی تنظیموں کے مسلم نمائندوں کے ساتھ مشاورتی اجلاس منعقد کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ یوم آزادی 15 اگسٹ کے موقع پر شہر کرنول میں نواب غلام رسول خاں کا مجسمہ نصب کیا جائے گا اور مستقبل کے لائحہ عمل کو ترتیب دینے کیلئے نواب غلام رسول خاں کے نام سے ایک تنظیم کا قیام عمل میں لایا گیا ہے اور اس ضمن میں انہوں نے عوام سے تعاون کی خواہش کی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم مجاہدین آزادی کے کارناموں اور قربانیوں کو جان بوجھ کر فراموش کیا جارہا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مسلم مجاہدین آزادی کے کارناموں کو اجاگر کرتے ہوئے تعلیمی نصاب میں شامل کیا جائے۔ اجلاس میں حیدرآباد سے مجاہد آزادی نواب غلام رسول خاں کے وارث بابو نواب خان نے شرکت کرتے ہوئے کہا کہ غلام رسول خاں کے مجسمہ کی شہر کرنول میں یوم آزادی کی مناسبت سے تنصیب ایک خوش آئند بات ہے۔ اجلاس میں سجادہ نشین سید شاہ مرتضیٰ قادری صدر ـآواز کمیٹی محمد اقبال، گورنمنٹ مسلم ایمپلائز اسوسی ایشن کے ذمہ داران محبوب باشاہ بٹالین، ٹی ڈی پی میناریٹی لیڈر بی وی کے پرویز، ایڈوکیٹ جہانگیر باشاہ، ساجد، ریحان، عرفان، ایس ڈی پی آئی سے فراز علی خاں، وظیفہ یاب تحصیلدار روشن علی،حلقہ اسمبلی پانیم میناریٹی لیڈر وائی ایس آر سی پی ایس ایم ڈی رفیع، کانگریس پارٹی قائد کریم اللہ خاں ، سی پی ایم پارٹی لیڈر ، عبداللہ دیسائی، بی ایس پی سٹی صدر شہاب الدین قادری، سوشیل ورکر سلیم باشاہ، مصنف عبدالعزیز، رائلسیما پکار کمیٹی کے صدر نذیر احمد، آر ایم پی ڈاکٹرس اسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر محمد اسمعیل، مسلم ویلفیر اسوسی ایشن کے صدر ایس محمد غوث، گورنمنٹ ڈرائیورس اسوسی ایشن کے سابق ضلع صدر عبدالحمید کے علاوہ جیلانی، عبدالرحمن اور سید آصف وغیرہ نے شرکت کی۔